وزیراعظم محمد شہباز شریف کا عید الفطر پر پیغام
پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کے بابرکت اور پر مسرت موقع کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
آج کا مبارک دن ہمارے لیۓ اللہ کی خاص رحمت اور بے پایہ فضل و کرم کا مظہر ہے۔
آج کے دن تمام مسلمان اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں کہ رمضان المبارک کی خصوصی عبادات کے بعد عید سعید کی خوشی نصیب فرمائی۔
اللہ ہماری عبادات کو منزل قبولیت عطاء فرماۓ اور اسلامی اقدار کو اپنی عملی زندگی میں رائج کرنے کی توفیق دیں۔
عید الفطر صبر و استقامت کے بعد اللہ کے انعام کے وعدہ کی مثال ہے۔
عید الفطر ایثار ،اتحاد، خدمت خلق اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو بھی تازہ کرتا ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں عید کے دن معاشرے کے کمزور طبقات کو خوشیوں بھرے لمحات میں شریک رکھنا ہے۔
رمضان المبارک میں حکومت نے کمزور طبقات کی باعزت مالی معاونت کے لیے ڈیجیٹل والٹس کا نظام خوش اسلوبی سے مکمل کیا۔ اجتماعی ذمہ داری اور باہمی تعاون ہی اصل میں ملکی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔
عید کی خوشیوں اور شکرگزاری کے اس موقع پر بھی ہمارے دل غزہ اور مشرقِ وسطیٰ میں تنازعات سے متاثرہ دیگر لوگوں کے لیے غمگین ہیں۔ ان کی تکلیف اس بات کی واضح یاد دہانی ہے کہ امتِ مسلمہ میں مزید اتحاد کی اشد ضرورت ہے، تاکہ ہم مل کر انصاف، وقار اور پائیدار امن کو فروغ دے سکیں۔ ایسے وقت میں جب دنیا غیر یقینی اور عدم استحکام کا شکار ہے، ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارا اتحاد ہی ہے۔
اللہ کرے کہ یہ عید امتِ مسلمہ میں بھائی چارے کے جذبے کو مزید گہرا کرے اور ہمیں انسانیت کی بھلائی کے لیے مل کر کام کرنے کی توفیق دے۔
پاکستان من حیث القوم دنیا بھر میں امن و سلامتی اور استحکام کے لیۓ دعا گو ہے۔ اللہ کے حضور دست بدعا ہیں کہ عید کی مبارک گھڑیاں عالمی امن، عدل و انصاف، رواداری اور بھائی چارہ کی فضا کو تقویت دیں۔ آمین
