کفایت شعاری: سندھ حکومت نے مختلف سرکاری محکموں کی 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کردی
سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کے اہم فیصلے کے تحت مختلف سرکاری محکموں کی 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی
سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کے اہم فیصلے کے تحت مختلف سرکاری محکموں کی 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی
شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 47 سے زائد محکموں میں موجود 2837 گاڑیوں میں سے 1524 گاڑیاں گراؤنڈ کی گئی ہیں، گراؤنڈ کی جانے والی گاڑیوں میں صحت، خزانہ، اسکول ایجوکیشن، انرجی اور اینٹی کرپشن جیسے محکمے بھی شامل ہیں، بعض محکموں میں یہ شرح 65 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے، انٹر پروونشل کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ میں تمام گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی ہیں،
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فیصلہ بڑھتے ہوئے ایندھن اخراجات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ حکومتی اخراجات میں نمایاں کمی لائی جا سکے،اس اقدام کا مقصد توانائی کی کھپت میں کمی لانا، سرکاری اخراجات کو کم کرنا اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔صوبائی حکومت ملکی مفاد میں کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کر رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کفایت شعاری کے اقدامات سے نہ صرف اخراجات کم ہوں گے بلکہ سرکاری وسائل کا بہتر استعمال بھی ممکن ہوگا۔حکومتی اقدام سے ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی، تمام محکموں کو پالیسی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ضرورت کے مطابق اہم اور ہنگامی نوعیت کی گاڑیاں بدستور استعمال میں رہیں گی۔
