2ارب 40 کروڑ روپے کا یونین کونسل سطح کے ترقیاتی منصوبے کا آغاز

2ارب 40 کروڑ روپے کا یونین کونسل سطح کے ترقیاتی منصوبے کا آغاز

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر بھر میں محلوں کی سطح پر بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے 2 ارب 40 کروڑ روپے کے یونین کونسل سطح کے ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، اس منصوبے کا مقصد کراچی کے اندرونی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور نچلی سطح پر درپیش دیرینہ شہری مسائل کا حل فراہم کرنا ہے،یہ منصوبہ رہائشی علاقوں اور عوامی مقامات کو براہِ راست فائدہ پہنچانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، اس کے تحت اندرونی گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بحالی، سڑکوں کی ازسرِنو پختگی، عوامی مقامات کی خوبصورتی اور پارکوں کی تعمیر و بحالی جیسے اقدامات شامل ہیں، یہ منصوبہ ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری کیا گیا ہے اور اس کے ٹھیکے جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ تکمیل کی حتمی تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔

میئرکراچی نے منصوبے کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ اب یونین کونسل کی سطح پر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، یہ کام انتہائی ضروری ہیں اور مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے، 30 جون 2026 کی واضح مدت مقرر کر دی گئی ہے اگر متعلقہ افسران مقررہ وقت میں کام مکمل نہ کر سکے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ہمیں ایسے افسران درکار ہیں جو عوام کے بنیادی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ اقدام صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کی روشنی میں کیا جا رہا ہے جس کا مقصد شہری معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے، 2 ارب 40 کروڑ روپے کے اس ترقیاتی پیکیج میں کراچی کے تمام اضلاع کو شامل کیا گیا ہے تاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوسکے، شکایات اور ضرورت کی بنیاد پر منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی جبکہ ان علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی جہاں گلیوں، نکاسی آب کے نظام اور محلوں کے پارک طویل عرصے سے نظرانداز ہوتے رہے ہیں،منصوبے کے نمایاں نکات میں اندرونی گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی، نکاسی آب کے نظام کی مرمت اور بہتری، سڑکوں کی پختگی اور ساختی مضبوطی، عوامی مقامات کی آرائش و زیبائش، پارکوں کی تعمیر اور بحالی، عوامی شکایات کی بنیاد پر ترجیحی اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی اور احتساب کا نظام قائم کیا جائے گا،ٹھیکوں کے اجرا اور عملی کام کے آغاز کے ساتھ یہ 2 ارب 40 کروڑ روپے کا منصوبہ کراچی کے اندرونی بنیادی ڈھانچے کی بحالی کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے، شہری حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ مقررہ مدت تک منصوبوں کی تکمیل سے شہر کے رہائشی علاقوں میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو روزمرہ مسائل سے ریلیف ملے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں