اینٹی کرپشن ٹیم ناظم آباد ٹاؤن پہنچ گئی، مبینہ بے ضابطگیوں پرافسران سے وضاحت طلب
کراچی: اینٹی کرپشن ٹیم نے ناظم آباد ٹاؤن میں اچانک دورہ
کراچی: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سینٹرل کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالوھاب طالبانی کی سربراہی میں اینٹی کرپشن ٹیم نے بروز 09 فيبروري 2026 کو ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (TMC) ناظم آباد ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا۔
اینٹی کرپشن ٹیم، جس کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالوھاب طالبانی کر رہے تھے، جن کے ھمراہ انکوائری افسر وسیم الحسن، انسپکٹر رضوان سھر اور انسپکٹر عباس لاڑک نے متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جبکہ بعض شعبوں میں سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں پر متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کی گئی۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانا، بدعنوانی کا خاتمہ کرنا اور عوامی وسائل کے درست، قانونی اور مؤثر استعمال کو ممکن بنانا ہے۔ حاصل کیے گئے ریکارڈ کی تفصیلی جانچ کے بعد ذمہ دار افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالوھاب طالبانی نے واضح کیا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے اس نوعیت کے اچانک دورے آئندہ بھی ضلع وسطی میں جاری رہیں گے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
