کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن کی سربراہی میں واک کا اہتمام
کراچی: یومِ کشمیر کے موقع پر لیاقت آباد ٹاؤن میں چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز رسیب کی زیرِ قیادت ایک شاندار، منظم اور پُرجوش یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی، جس کا مرکزی موضوع مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت تھا۔
ریلی کا آغاز لیا قت آباد کیمپ آفس سے ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ڈاکخانے پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں کوآرڈینیٹرصغیر احمد انصاری،یوسی چیئر مینز،وائس چیئرمینز، ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی ودیگر بلدیاتی افسران اور اسکول کے بچوں و اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی میں شریک بچوں اور اساتذہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا ئے ہوے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔
شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں اور بھارت کی ظالم حکومت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔
چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز رسیب نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر برصغیر میں امن قائم نہیں ہوسکتا،بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مگر کشمیری عوام کا جذبہ آج بھی زندہ ہے۔ پاکستان کا ہر فرد کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی جدوجہد کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا جائز حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ریلی کے اختتام پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
