چیئرمین گڈاپ ٹاؤن نے رکن سندھ اسمبلی و صدر پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے ہمراہ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ، وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو، رکن سندھ اسمبلی و صدر ضلع ملیر راجہ عبدالرزاق بلوچ،اور میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے کلک پروگرام کے تحت گڈاپ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی منصوبوں میں اللہ والی چورنگی، خداد اد کالونی اور نورالدین باغ میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پیور بلاک اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہیں
اس موقع پر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ گڈاپ ٹاؤن میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ کلک پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں سے علاقے کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں اور پیور بلاک کی تنصیب سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی ہوگی بلکہ عوام کو دیرینہ مسائل سے بھی نجات ملے گی۔
صدر ضلع ملیر ورکن سندھ اسمبلی راجہ عبدالرزاق بلوچ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔کلک پروگرام کے تحت گڈاپ ٹاؤن میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے عوام کی دیرینہ ضرورت تھی، جن کی تکمیل سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ ان منصوبوں سے شہری سہولیات میں بہتری کے ساتھ ساتھ علاقے کے معیارِ زندگی میں بھی اضافہ ہوگا۔
وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو نے کہا کہ گڈاپ ٹاؤن میں ترقیاتی کام عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔ اسٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف شہری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ علاقوں کی مجموعی حالت بھی نمایاں طور پر بہتر ی آئے گی۔
میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔دیگر منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے ترقیاتی کاموں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ عوام کو دیرپا اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر ڈائر یکٹر سینی ٹیشن اشرف بلوچ، ڈائر یکٹر انفارمیشن رضوان صابر، کلک فوکل پرسن سر فرازاحمد کھتری،محمد شرجیل خان، پی ایس لعل جان نبی اور دیگر بھی موجو د تھے۔
