مومن آباد ٹاؤن چیئرمین کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کمشنر کا برسات کے بعد نالوں کی صفائی کا تفصیلی معائنہ
کراچی:ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کمشنر مومن آباد ٹاؤن خالد حسین جتوئی نے برسات کے بعد یوسی 8 اور یوسی 9 میں ندی نالوں کی صفائی کے جاری کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر متعلقہ بلدیاتی افسران، صفائی عملہ اور دیگر ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی نے ندی نالوں سے کیچڑ، کچرے اور برساتی پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے مواد کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت جاری کی، تاکہ کسی بھی ممکنہ اربن فلڈنگ اور شہریوں کو درپیش مشکلات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے صفائی کے عمل میں استعمال ہونے والی مشینری اور عملے کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور کام میں مزید بہتری لانے کی تاکید کی۔اس موقع پر میونسپل کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان کی ہدایات کے مطابق برسات کے بعد تمام یونین کمیٹیوں میں ندی نالوں، سیوریج لائنوں اور برساتی گزرگاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر کام کی رفتار اور معیار کو یقینی بنائیں۔ ٹاؤن انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
آخر میں میونسپل کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ ندی نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور صفائی کے عمل میں ٹاؤن انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ علاقہ صاف، محفوظ اور بیماریوں سے پاک رکھا جا سکے۔
