میونسپل کمشنر مومن آباد ٹاؤن کی زیر صدارت شبِ معراج پر انتظامات کے حوالے سے اجلاس
کراچی: کراچی میونسپل کمشنر مومن آباد ٹاؤن خالد حسین جتوئی نے شبِ معراج کے بابرکت موقع پر ٹاؤن میں کیے جانے والے بلدیاتی و انتظامی اقدامات کے حوالے سے افسران کا ایک تفصیلی اجلاس منعقد کیا، جس کی انہوں نے صدارت کی۔ اجلاس میں محکمہ الیکٹریکل، محکمہ ہیلتھ، سینیٹیشن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میونسپل کمشنر نے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شبِ معراج کے مقدس موقع پر عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن کی حدود میں واقع تمام مساجد، امام بارگاہوں اور جہاں جہاں شب معراج کی فضیلت کے حوالہ محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے اس کے اطراف خصوصی صفائی ستھرائی سیوریج کے مسائل کے حل کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ روشنی کے خصوصی انتظامات اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔
کراچی میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی نے شبِ معراج کی فضیلت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شبِ معراج وہ عظیم اور مقدس رات ہے جس میں حضور نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے اپنے قربِ خاص سے نوازا اور امتِ مسلمہ کو نماز جیسی عظیم نعمت عطا فرمائی۔ یہ رات ہمیں عبادت، صبر، اتحاد اور اصلاحِ نفس کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقدس مواقع پر شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شبِ معراج کے موقع پر تمام فیلڈ اسٹاف الرٹ رہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلتو لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
آخر میں کراچی میونسپل کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ شبِ معراج کی رات کو عبادت، دعا اور ذکرِ الٰہی میں گزاریں، ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کریں اور صفائی کے عملے سے تعاون کرتے ہوئے اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔
