عوامی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی:چیئرمین منگھوپیرٹاؤن

عوامی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی:چیئرمین منگھوپیرٹاؤن

کراچی: منگھوپیر ٹاؤن کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے ضلع ویسٹ پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر عابد ستی، انفارمیشن سیکریٹری علی اکبر کا چھیلو، میونسپل کمشنر منگھوپیر ٹاؤن احمد یار، وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، یونین کونسل 97 کے صدر ستار بروہی، یونین کونسل 11 کے چیئرمین مور خان، یونین کونسل 9 کے وائس چیئرمین اسد علی بروہی، چیف انجینئر زون 3 غلام محمد حب، سپرنٹنڈنٹ انجینئر ویسٹ، ایکس ای این واٹر، ایکس ای این سیوریج اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ منگھوپیر ٹاؤن کے  پمپنگ اسٹیشن کا ہنگامی اور تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کا مقصد منگھوپیر ٹاؤن میں پانی کی فراہمی سے متعلق درپیش مسائل، خصوصاً پانی کی لیکیج، مشینری کی کارکردگی، تکنیکی نقائص اور نظام میں موجود دیگر خامیوں کا موقع پر جا کر باریک بینی سے جائزہ لینا تھا۔ چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے پمپنگ اسٹیشن کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی، جبکہ عوام کو درپیش مشکلات اور شکایات سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ پانی سے متعلق مسائل کا محض عارضی نہیں بلکہ مستقل، معیاری اور پائیدار حل یقینی بنایا جائے تاکہ منگھوپیر ٹاؤن کے شہریوں کو مستقبل میں پانی کی قلت اور بار بار کی شکایات سے نجات مل سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعلیٰ افسران نے اس موقع پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کو مکمل یقین دہانی کرواتے ہوئے بتایا کہ پمپنگ اسٹیشن میں موجود تمام لیکیج اور تکنیکی مسائل کو فوری طور پر دور کیا جائے گا، جبکہ مرمتی اور بہتری کے کام کو جدید انجینئرنگ تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا، تاکہ پانی کی فراہمی کا نظام بہتر، مستحکم اور دیرپا بنایا جا سکے۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کے عوام کو صاف، شفاف اور مسلسل پانی کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت وہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر تمام ترقیاتی اور عوامی نوعیت کے منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ عملی اقدامات جاری رہیں گے۔

دورے کے اختتام پر تمام شریک رہنماؤں، منتخب نمائندوں اور افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں پانی کے مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون، شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ کام کیا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں