چیئرمین مومن آباد ٹاؤن کی ہدایت پر میونسپل کمشنر نے صفائی ستھرائی کے احکامات جاری کردیے
کراچی: میونسپل کمشنر مومن آباد ٹاؤن خالد حسین جتوئی نے کہا ہے کہ ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان کی واضح ہدایات کی روشنی میں ٹاؤن انتظامیہ عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور محدود وسائل کے باوجود صفائی، نکاسیٔ آب اور ماحولیاتی بہتری کے عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 9، پراچہ روڈ، محمد پور قبرستان کے اطراف میں واقع چوک شدہ نالے اور گرد و نواح میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کے تفصیلی معائنے کے دوران کیا۔ دورے کا مقصد علاقہ مکینوں کو درپیش نکاسیٔ آب کے مسائل کا فوری اور دیرپا حل تلاش کرنا تھا۔
اس موقع پر یوسی وائس چیئرمین نادر رحمان، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ویسٹ کے صدر عابد ستی، امیدوار صوبائی اسمبلی صدیق اکبر، متعلقہ بلدیاتی افسران، سینیٹری اسٹاف اور علاقہ کے معززین بھی موجود تھے۔علاقہ مکینوں نے میونسپل کمشنر کو نالے کی بدحالی، پانی کی نکاسی میں رکاوٹ اور صفائی کے فقدان سے آگاہ کیا، جس پر انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے موقع پر موجود افسران کو ہنگامی بنیادوں پر صفائی کے احکامات جاری کیے۔
میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی کی ہدایت پر نالے کی ڈی سلٹنگ اور صفائی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا، جبکہ ملبہ اور کچرا اٹھانے کے لیے اضافی مشینری اور عملہ تعینات کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ نالے کی مکمل بحالی، دیواروں کی مرمت اور مستقبل میں نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹاؤن میں موجود تمام چوک شدہ نالوں اور گٹروں کی مرحلہ وار صفائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ آئندہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے کاموں کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے۔
میونسپل کمشنر نے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان کی قیادت میں مومن آباد ٹاؤن کی انتظامیہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے تمام منصوبے بلا تعطل جاری رہیں گے۔
آخر میں علاقہ مکینوں اور معززین نے بروقت دورہ اور فوری اقدامات پر ٹاؤن انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے ایسے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔
