تمام کاموں کو معیاری اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے:چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن
کراچی: چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے یونین کونسل ون منگھوپیر ٹاؤن کے علاقے غازی گوٹھ،اجتماع گاہ گیٹ نمبر 13 کے قریب واقع سڑک کی خراب صورتحال اور سیوریج کے مسائل کے حوالے سے موقع پر پہنچ کر تفصیلی دورہ کیا۔
اس دورے کا مقصد عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کرنا اور علاقے میں منعقد ہونے والے دینی اجتماع کے پیشِ نظر تمام شہری سہولیات کو بہتر بنانا تھا۔
دورے کے موقع پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کے ہمراہ میونسپل کمشنر احمد یار، یونین کونسل 15 کے وائس چیئرمین بخت نثار، یونین کونسل 14 کے وائس چیئرمین حبیب اللہ سواتی، یونین کونسل ون کے کونسلر جاوید بروہی، زکوٰۃ کمیٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے چیئرمین اشرف سردار، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے افسران اور منگھوپیر ٹاؤن کے متعلقہ افسران موجود تھے۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے سڑک، سیوریج اور اطراف کے مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو سخت اور واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام کاموں کو مزید بہتر، معیاری اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے۔
انہوں نے عملے سے کہا کہ یہ محض ایک معمول کا کام نہیں بلکہ اللہ کی راہ میں آنے والے مہمانوں کی خدمت ہے، اس لیے ہر اہلکار اپنی ذمہ داری سے بڑھ کر کام کرے۔
چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے عملے کو ہدایت کی کہ جب تک دینی اجتماع مکمل نہیں ہو جاتا، تمام متعلقہ افسران اور اہلکار اپنی ڈیوٹی سے بڑھ کر خدمات سرانجام دیں گے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑک کی مرمت، سیوریج لائن کی درستگی، اسٹریٹ لائٹنگ اور صفائی ستھرائی کے تمام کام فوری طور پر مکمل کیے جائیں، تاکہ اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے اللہ کے مہمانوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وہ خود دن رات اسی علاقے میں موجود رہیں گے اور تمام کاموں کی ذاتی نگرانی کریں گے، تاکہ ہر کام بروقت، درست اور عوامی ضرورت کے مطابق مکمل ہو سکے۔ انہوں نے مقامی عوام اور اجتماع کے منتظمین کو یقین دہانی کرائی کہ تمام انتظامات کل تک مکمل کر لیے جائیں گے۔
آخر میں چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ عوامی خدمت اور دینی اجتماعات کے لیے سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے، اور منگھوپیر ٹاؤن انتظامیہ اللہ کی رضا کے لیے آنے والے مہمانوں کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
