ورلڈ کلچر فیسٹیول کے ذریعے ہم لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا کام کررہے ہیں: محمد احمد شاہ
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 “ کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کا انعقادآڈیٹوریم I میں کیاگیا جس میں صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ اور کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے فیسٹیول سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کل شام 5بجے ورلڈ کلچر فیسٹیول کا افتتاح کریں گے، 6بجے ریڈ کارپٹ ہوگا جس میں پاکستان سمیت بین الاقوامی فنکار ورلڈ کلچر فیسٹیول کو چار چاند لگائیں گے۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 میں 6 براعظموں سے 141 ممالک کی شرکت جبکہ 1000سے زائد فنکار پرفارم کریں گے، فیسٹیول کے پہلے روز امین گل جی فنی مہارت کاشاہکار پیش کریں گے۔
افتتاحی تقریب میں شاہ جا فقیر(پاکستان)، لکی ٹاسکر (بیلجیم) ، شیریں جواد (بنگلہ دیش)، ذاکاریا حراف (فرانس)، Ballet Beyond Bordersمیں مختلف ممالک کے فنکاروں کا رقص، اسٹریٹ ڈانسرز (کانگو) جبکہ نیپال کے مدن گوپال اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے پریس بریفنگ کے دوران کہاکہ میں بنگلہ دیش، ارجنٹینا، سوئیڈن، کوسوو، نیپال ، سیریا اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے فنکاروں کو خوش آمدید کرتا ہوں، امریکہ ، یوکرین روس کے فنکار بھی فیسٹیول میں حصہ لے رہے ہیں، تمام صوبوں سے بھی فنکار شامل ہورہے ہیں تاکہ پاکستان کی ثقافتی ہم آہنگی کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس فیسٹیول کو پوری دنیا میں دکھانے پر میڈیا کا بہت شکر گزار ہوں
انہوں نے مزید بتایا کہ فیسٹیول کی تیاریوں میں سندھ حکومت، چیف سیکریٹری اور کمشنر کراچی کی قیادت میں تمام متعلقہ انتظامی ادارے شامل ہیں تاکہ مہمانوں کو آرام دہ اور محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ فیسٹیول میں کلاسیکل، فوک، پاپ، جین زی میوزک اور ڈانس بھی رکھا گیا ہے، پوری دنیا سے ہمیں 3350 فلمیں موصول ہوئیں جن میں 300 سے زائد ایوارڈ یافتہ ہیں۔ روزانہ دو گھنٹے کی فلم اسکریننگ مفت ہوگی جس میں مفت رجسٹریشن کراکر عوام شرکت کرسکتے ہیں، 8بین الاقوامی آرٹ نمائشیں رکھی گئی ہیں جن میں 28ممالک کے مصور شریک ہوں گے۔عالمی سطح کے فنکاروں کے ساتھ ورکشاپس بھی مفت رکھی گئی ہیں۔
