ہماری مسلح افواج اور قوم نے مل کر بھارت کو دھول چٹائی:شرجیل انعام میمن
کراچی: سینئر وزیر، اطلاعات، ٹرانسپورٹ ماس ٹرانسزٹ شرجیل انعام میمن اور وزیر سیاحت و ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے آزادی ٹرین کا افتتاح کیا
آزادی ٹرین کراچی کینٹ اسٹیشن سے تھرپارک تک کیلئے روانہ ہوئی جس کا افتتاح شرجیل انعام میمن اور سید ذوالفقار علی شاہ نے کیا۔
اس موقعے پر سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے پہلی بار جس طرح کی تقریبات منعقد کی ہیں، اس کی مثال نہیں ملتی،ہماری مسلح افواج اور قوم نے مل کر بھارت کو دھول چٹائی،بھارت کے رافیل اور دیگر جہاز گرائے گئے، اور بھارت آج بھی صدمے سے نہیں نکل پایا۔جشنِ آزادی کی تقریبات کا کریڈٹ محکمہ ثقافت اور محکمہ اسپورٹس کو جاتا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں آج میوزیکل شو ہونے جا رہا ہے، جو عوام کے لیے بالکل مفت ہے، جشنِ آزادی کے خصوصی موقع پر آج ٹرین چھور تک جا رہی ہے،ٹرین کو مفت چلایا جا رہا ہے اور انتظامات بہتر ہیں،اس بار 14 اگست پورے ملک میں جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔سندھ حکومت نے جو تقریبات منعقد کی ہیں، اس کی مثال نہیں ملتی۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معرکۂ حق میں بھارت کو عبرتناک شکست ہماری افواج نے دی ہے،ہماری فورسز نے بھارت کو دھول چٹائی ہے،بھارت کو اپنی ٹیکنالوجی پر بہت غرور تھا، لیکن ہماری افواج نے انہیں شکست دی اور ان کے جہاز گرائے،بھارتی حکومت کے پاس اپنی عوام کو دکھانے کے لیے اب جھوٹ بھی نہیں بچا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ محکمہ ثقافت اور محکمہ کھیل ایونٹس منعقد کرنے میں پیش پیش ہیں، حیدرآباد میں تاریخی شو منعقد ہوا، پھر سکھر میں شو ہوا، اور آج کراچی میں بڑا شو ہو رہا ہے،کراچی میں شو کے لیے رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔خصوصی بچوں کے لیے آزادی کی تقریبات رکھی گئی ہیں۔
