کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ 7000 روڈ پر نالا اسٹاپ اور سیکٹر 5G میں زیر تعمیر پُلیہ (گزرگاہوں)کے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پرXEN بی اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ اشتیاق حسین، فیصل صغیر اور چیئرمین یوسی 10 قاری فیصل بھی موجود تھے۔
ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا کہنا تھا کہ 7000 روڈ اس وقت نہایت خستہ حالی کا شکار ہے جس سے عوام اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ سڑک نیو کراچی کی آٹھ یونین کونسلز کو آپس میں جوڑتی ہے اور روزانہ آٹھ سے دس لاکھ افراد اسی سڑک سے گزرتے ہیں، جبکہ اس سڑک سے منسلک برساتی نالے پر دومقامات پرپُلیہ (گزرگاہ) مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔محمد یوسف نے بتایا کہ ہم اپنے بلدیاتی فنڈز سے ان تباہ شدہ پُلیہ (گزرگاہوں) کی ازسرنو تعمیر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صاحب سے کئی بار تحریری اور زبانی اپیل کر چکے ہیں کہ خدارا اس اہم شاہراہ کی تعمیر پر توجہ دی جائے تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔چیئرمین نے واضح کیا کہ تجاوزات کا خاتمہ بھی ایک ناگزیر عمل ہے، جس کی ذمہ داری کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ رضا کارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کریں، تاکہ نیو کراچی ٹاؤن ایک بہتر اور خوبصورت ٹاؤن کی صورت اختیار کر سکے۔
محمد یوسف نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی کارکردگی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ گیس کمپنی نے اگرچہ مین لائنوں کی تنصیب مکمل کر لی ہے، لیکن عوام کو سروسز فراہم کرنے میں تاخیر کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ آ رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جیسے ہی گیس کمپنی اپنا کام مکمل کرے گی، نیو کراچی ٹاؤن کی تمام یونین کونسلز میں سڑکوں کی تعمیر اور پیور بلاک کی تنصیب کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد نیو کراچی کے عوام کوبلدیاتی سہولیات فراہم کرنا ہے اور ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔
