کراچی: چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر کی خصوصی ہدایت پر محرم الحرام کے بابرکت ایام کی مناسبت سے ناظم آباد کی تمام یوسیزمیں صفائی ستھرائی اور لائٹس کے خصوصی انتظامات کیے جا چکے ہیں۔
چیئرمین سید محمد مظفر نے سینی ٹیشن،الیکٹریکل اور پارکس ڈیپارٹمینٹ کو خاص ہدایت دی ہے کہ عزادارانِ امام حسینؑ کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنے مذہبی رسومات اطمینان و سکون کے ساتھ ادا کر سکیں۔
ناظم آباد ٹاؤن میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی گزرگاہوں کی خصوصی صفائی ستھرائی کے کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے، ڈائریکٹر سینی ٹیشن ظہیر احمد کی زیر نگرانی مسجد و امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی، چونے کے چھڑکاو، جراثیم کش ادویات کے اسپرے بھی کیا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ محکمے کی جانب سے روشنی کے ناکافی انتظامات والے مقامات پر فوری طور پر اضافی لائٹس لگا دی گئی ہیں،تمام مکاتب ِ فکر کی خدمت بلا تفریق سر انجام دے رہے ہیں عزا داران حسین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا ہے۔
چیئرمین سید محمد مظفر نے مزیدکہا ہے کہ تمام افسران اور عملہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی سے گریزکریں اور عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔وائس چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن محمد نعمان صدیقی نے کہا کہ جلوسوں کے راستوں پر روشنی، صفائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ عزاداروں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ناظم آباد ٹاؤن کی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے اور چیئرمین کی ہدایت پر تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جا رہے ہیں