اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگردی عالمی مسئلہ ہے، پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا،پاکستان دہشتگردوں کے خلاف بھرپورکارروائیاں کررہا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ طالبان حکومت کی وعدہ خلافیاں خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں لہٰذا افغان عبوری حکومت دوحہ معاہدے میں کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضرب عضب اور ردالفساد جیسے آپریشنز نے دہشتگردوں کی کمر توڑی، ڈیجیٹل پروپیگنڈا موجدہ دور کا ایک پیچیدہ چیلنج ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دو دہائیوں سے مسلح افواج نے دہشتگردی خلاف جنگ میں موثر کردار ادا کیا، ہم نےکبھی دہشتگردی کو دعوت نہیں دی لیکن جب وہ آئی تو ہم جھکے نہیں بلکہ لڑے
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ڈکشنری میں سرینڈر کرنا شامل نہیں ہے، دنیا سے مطالبہ ہے کہ وہ پاکستانی پاسپورٹ، قربانیوں اور عزم کا احترام کرے۔ بھارت کو چاہیے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی صلاحیتوں سے سیکھے۔دہشتگردی کے تدارک کے لیے بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں، آئیں کشمیر، پانی اور دہشتگردی پربات کریں۔