
آج ملک بھر میں یوم تکریم منایا جارہا ہے۔ پاک فوج کے دستے نے شہداء کی قبروں پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور چادر چڑھائی۔ یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا اور اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ یوم تکریم شہداء کے موقع پر کیپٹن سلیمان شہید، میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر اور شہید میجر سرمس رؤف کی قبر پر ورثا اور لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یادگارِ شہدا پر ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی تھے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے، فاتحہ خوانی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ ۔ پاک سرزمین کی حفاظت کی خاطر جان قربان کرنے والوں کے لیے خصوصی دُعائیں مانگی گئیں۔
