کراچی: ڈپٹی کمشنر ملیرسلیم اللہ اوڈھو کے دفتر میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا
اس موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں محکمہ صحت، ٹاؤن انتظامیہ، اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی,تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر ملیر نے گڈاپ ٹاؤن میں انسداد پولیو مہم کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے پر گڈاپ ٹاؤن کے میونسپل کمشنر احمد یار کو تعریفی سند پیش کی اور ان کی انتھک محنت و لگن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
میونسپل کمشنر احمد یار نے اس موقع پر کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے، جس میں تمام اداروں کا باہمی اور مربوط کردار نہایت ضروری ہے، انسداد پولیو مہم 26 مئی سے یکم جون تک جاری رہے گی، اور گڈاپ ٹاؤن کے میڈیکل آفیسرز، ہیلتھ ورکرز اور دیگر محکموں کے افسران شدید گرمی کے باوجود عوام کی دہلیز تک پہنچ کر اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں، جو کہ قابلِ تعریف ہے۔ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے عوامی تعاون بھی ضروری ہے۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے اپنے پیغام میں کہا کہ گڈاپ ماضی میں پولیو کے حوالے سے حساس قرار دیا جاتا تھا، مگر اب گڈاپ ٹاؤن کی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر لبنیٰ مقبول کی سربراہی میں ڈاکٹرز پولیو ورکرز اور افسران نے انتھک محنت کرکے صورتحال کو بہتر بنا لیا ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی شعور بیدار کرنے کے بغیر یہ مہم کامیاب نہیں ہو سکتی، اس لیے ہر فرد کو اپنی ذمے داری کا احساس کرنا ہوگا،والدین سے اپیل کی کہ وہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں، تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو سکے۔
