کراچی: ہمدرد فاؤ نڈیشن کی صدر اور ہمدردیونی ورسٹی کی چانسلر سعدیہ راشد کو حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے سول اعزاز "ہلال امتیاز” ملنے کی خوشی میں مدینتہ الحکمتہ میں ایک شاندار،باوقار، شایان شان اور یادگار تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام وائس چانسلر سیکریٹیریٹ نے بیت الحکمہ لائبریری کے اشتراک سے کیا تھااور اس یادگار پروگرام کووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن کی ہدایت پر بیت الحکمہ لائبریری کی ڈائریکٹر پروفیسر ملاحت کلیم شیروانی اور کوثر عمران نے ترتیب دیا تھا۔
سعدیہ راشدمنگل کی صبح جیسے ہی مین کیمپس پہنچیں ہمدرد یونی ورسٹی کے چاق و چوبند سیکورٹی دستہ نے ان کی گاڑی کو اپنے حصار میں لے لیا اور انھیں اسپورٹس موٹر بائیکس کے اسکارٹ نے جلوس کی صورت میں فارمیسی گراؤنڈ پہنچایا جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن، رجسٹرار کلیم احمد غیاث، تمام فیکلٹیز کے ڈینز، اساتذہ کے علاوہ، ہمدرد لیبارٹریز کی منیجنگ ڈائریکٹر فاطمہ منیر، ہمدرد کے گروپ ڈائریکٹرہیومن ریسورس ابو طالب بھٹو، ہمدرد لیبارٹیریز کے سی ای ای اوفیصل ندیم منگرویہ، تمام انتظامی افسران، اسٹاف اور پہلے سے منتظر سیکڑوں طلباء و طالبات نے محترمہ سعدیہ راشدکا پرتپاک استقبال کیا،
ہمدرد ویلیج اسکول اور ہمدرد پبلک اسکول کے دو ننھے بچوں نے سعدیہ راشدکو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جبکہ گراؤنڈ میں قومی ترانہ اور قومی نغمے بجائے گئے جسکے بعد ہمدرد کے پہلے حرف "ھ ” کی شکل میں کھڑے طلبہ و طالبات کے ہمراہ ڈرون کیمرہ کے ذریعہ خصوصی فوٹو شوٹ کیا گیا۔ بعد ازاں انھیں جلوس کی شکل میں بیت الحکمہ میں واقع مین آڈیوٹوریم لایا گیا جہاں ایک خصوصی تقریب میں بیت الحکمہ لائبریری کی ڈائریکٹر پروفیسر ملاحت کلیم شیروانی سعدیہ راشد کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا سول اعزاز ہلال امتیاز ملنے پر اپنی، ہمدرد فاؤنڈیشن اور ہمدرد یونی ورسٹی کی جانب سے مبارکباد دی
سعدیہ راشد نے کہا کہ بانی چانسلر شہید حکیم محمد سعید چاہتے تھے کہ اس نظام کو بدلا جائے، ان کی ساری قربانیاں اسی مقصد کے لئے تھیں اور اب محترمہ سعدیہ راشدیہ بیڑا اٹھایا ہے اور وہ حکیم سعید کے ویژن کے مطابق معاشرے سے غربت و جہالت کے اندھیرے ختم کرنے کے لئے عمل پیرا ہیں۔
اس موقع پر سعدیہ راشد کی شخصیت اور زندگی پر ایک مختصر ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس کے بعدہمدرد ویلیج اسکول، ہمدرد پبلک اسکول، ہمدرد کالج اور ہمددرد یونی ورسٹی کے طلباء و طالبات نے اپنی اردو اور انگریزی زبانوں میں کی گئی پرجوش تقاریر کے ذریعہ محترمہ سعدیہ راشد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ آخر میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے اسکول کے بچوں کے ہمراہ محترمہ سعدیہ راشد کو پھولوں کاگلدستہ پیش کیا۔