ترقی کی روشن راہیں، نیو کراچی کی پہچان

تحریر: عقیل اختر

نیو کراچی ٹاؤن ایک ایسا علاقہ ہے جو ماضی میں ترقیاتی لحاظ سے اکثر نظر انداز ہوتا رہاہے، لیکن حالیہ عرصے میں جو تبدیلیاں اس علاقے میں وقوع پذیر ہوئی ہیں، وہ اس بات کی دلیل ہیں کہ اگر نیت صاف ہو، قیادت مخلص ہو اور جذبہ خدمت سے سرشار ہو تو محدود وسائل میں بھی تعمیر و ترقی کے انقلابی کام سرانجام دیے جا سکتے ہیں۔ نیو کراچی ٹاؤن کے موجودہ ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف نے اپنے دورِ قیادت میں جس عزم، محنت اور خلوصِ نیت سے عوامی خدمت کو شعار بنایا، وہ لائقِ تحسین و تکریم ہے۔ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف ایک دردمند دل رکھنے والے، سادہ مزاج اور عملی شخصیت کے حامل انسان ہیں جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں صرف ایک منصب یا عہدہ سمجھ کر نہیں بلکہ اس کو ایک مشن، ایک فرض اور ایک عبادت سمجھ کر نبھارہے ہیں۔ نیو کراچی ٹاؤن کے باسی برسوں سے جن مسائل کا شکار تھے، ان کا اندازہ شاید صرف وہی شخص لگا سکتا ہے جس کا دل عوام کی دھڑکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہو۔ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف نے یہ ثابت کیا کہ وہ محض ایک منتخب نمائندے نہیں بلکہ ایک حقیقی خادمِ عوام ہیں۔ان کے دورِ قیادت میں نیو کراچی ٹاؤن میں جو ترقیاتی کام مکمل ہوئے، وہ ماضی کی نسبت نہ صرف تعداد میں زیادہ ہیں بلکہ معیار میں بھی مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔ پارکس کی بحالی ہو یا نئے پارکس کی تعمیر، یہ سب اس علاقے کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنے۔ وہ پارکس جو برسوں سے ویران پڑے تھے، آج بچوں کی ہنسی، نوجوانوں کی ورزش اور بزرگوں کی پرسکون چہل قدمی کا مرکز بن چکے ہیں۔ یہ سب چیئرمین محمد یوسف کی ذاتی دلچسپی اور عوامی فلاح کی سوچ کا نتیجہ ہے۔نیو کراچی ٹاؤن کی گلیاں اور سڑکیں جو ماضی میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں، آج پیور بلاک کے ذریعے نہ صرف ہموار ہو چکی ہیں بلکہ ان کا نقشہ ہی بدل چکا ہے۔ گلیوں کا بہتر ہونا ایک بنیادی سہولت ہے جو ہر شہری کا حق ہے اور محمد یوسف نے یہ حق عوام کو پوری دیانتداری کے ساتھ فراہم کیا۔ یہی نہیں بلکہ نیو کراچی کے کئی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی ایک خواب بن چکی تھی لیکن ٹاؤن چیئرمین صاحب نے اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔ نئی پانی کی لائنوں کی تنصیب نے نہ صرف عوام کو ایک بنیادی سہولت فراہم کی بلکہ صحت و صفائی کے مسائل میں بھی کمی آئی۔اسی طرح سیوریج کا مسئلہ بھی کئی دہائیوں سے نیو کراچی ٹاؤن کے باسیوں کے لئے ایک بڑی تکلیف کا باعث بنا رہا ہے۔ گندے پانی کا جمع ہونا، بدبو اور بیماریوں کی افزائش عام تھی۔ لیکن موجودہ ٹاؤن چیئرمین اور اُن کی ٹیم کی کوششوں سے جہاں سیوریج کے مسائل تھے ان جگہوں پر لائنوں کی مرمت اور تبدیل کرکے حل کیاگیا۔ آج نیو کراچی ٹاؤن کی گلیاں صاف ہیں سڑکیں خشک اور ماحول قدرے بہتر ہو چکا ہے۔ یہ سب ترقیاتی منصوبے چیئرمین محمد یوسف کی ترجیحات اور عوامی مسائل کے صحیح ادراک کا ثبوت ہیں۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ سب کچھ ایک محدود ترقیاتی بجٹ کے تحت ممکن ہوا۔ جہاں اکثر علاقوں میں فنڈز کی کمی کو جواز بنا کر کام روک دیے جاتے ہیں، وہاں محمد یوسف نے ثابت کیا کہ اگر نیت درست ہو اور عمل کا جذبہ ہو تو تھوڑے وسائل میں بھی بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے نہ صرف فنڈز کا درست استعمال کیا بلکہ ہر کام کی نگرانی خود کی، عوام سے رابطہ برقرار رکھا اور ان کے مشوروں کو اپنی پالیسیوں میں شامل کیا۔نیوکراچی ٹاؤن کے مکین اس بات کے شاہد ہیں کہ چیئرمین محمد یوسف ہمیشہ ان کے درمیان موجود رہے۔ وہ کسی بڑے دفتر کے ایئر کنڈیشنڈ کمرے میں بیٹھنے والے نمائندے نہیں بلکہ گرمی، دھوپ اور بارش میں عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو جاننے اور حل کرنے والے حقیقی راہنما ہیں۔ ان کی یہی عوام دوستی اور خدمت کا جذبہ انہیں دیگر نمائندوں سے ممتاز کرتا ہے۔نیو کراچی ٹاؤن کے مکینوں کی جانب سے چیئرمین محمد یوسف کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا ایک اخلاقی اور اجتماعی فریضہ ہے۔ ان کی انتھک محنت شبانہ روز جدوجہد اور خلوصِ دل سے کی گئی خدمت کو نہ صرف سراہا جانا چاہیے بلکہ ایک مثال کے طور پر پیش کرنا چاہیے تاکہ دیگر علاقوں کے نمائندے بھی اسی جذبے کے ساتھ کام کریں۔ہم دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت چیئرمین محمد یوسف کو صحت تندرستگی کے ساتھ کامیابی اور مزید خدمت کے مواقع عطا فرمائے اور وہ اسی جذبے سے نیو کراچی ٹاؤن کو مزید ترقی کی راہوں پر گامزن رکھیں۔ ہم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان کی یہ کاوشیں صرف نیو کراچی ٹاؤن ہی نہیں بلکہ پورے شہر قائدکے لیے ایک روشن مثال بنے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں