کسی کوبلوچستان میں امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی:کور کمانڈر کانفرنس
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیرصدارت 268 ویں کورکمانڈر کانفرنس ہوئی
کورکمانڈر کانفرنس میں شہدا کے ایصال ثواب کےلیے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہدائے افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی قربانیوں کوخراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کوخطےکی موجودہ صورتحال، قومی سلامتی کودرپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں پاکستان کی حکمتِ عملی پربریفنگ دی گئی جبکہ کانفرنس میں علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فورم نے ہر قیمت پربلاتفریق دہشتگردی کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کرنے والوں سے پوری طاقت سے نمٹا جائے گا
فورم نے کہا کہ ملک دشمن عناصر، سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف ریاست پوری طاقت سے نمٹے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے اعادہ کیا کسی کوبلوچستان میں امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی میں خلل ڈالنے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شرکا کانفرنس نے کہا کہ غیرملکی گٹھ جوڑ، انتشار پھیلانے اورپروان چڑھانے کی کوششیں پوری طرح سے بےنقاب ہوچکی ہیں، ایسے عناصر اور ایسی کوششیں کرنے والوں کو کسی بھی قسم کی معافی نہیں دی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے نیشنل ایکشن پلان کے دائرہ کار کے تحت عزمِ استحکام کی حکمتِ عملی کے تیز اور مؤثر نفاذکی ضرورت پرزور دیا اور دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کے تعاون سے مشترکہ نقطہ نظرکی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔
شرکا کانفرنس کا کہنا تھاکہ ان مذموم کوششوں کوبلوچستان کے عوام کی غیرمتزلزل حمایت سےفیصلہ کن طورپرناکام بنایا جائےگا
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا کانفرنس کا کہنا تھاکہ ریاستی ادارے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے قانون پرپوری استقامت سے عملدرآمد کریں گے، قانون کی عملداری میں کسی قسم کی نرمی اور کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
آرمی چیف نے پاکستان بھرمیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم ضلعی رابطہ کمیٹیوں کے آغازکوبھی سراہا اور انہوں نے بغیرکسی رکاوٹ کے نیشنل ایکشن پلان کے تیز نفاذ کی ضرورت پر زور دیا
آرمی چیف نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ میں حکومتی ہدایات کے مطابق تمام ادارے تعاون یقینی بنائیں۔پاک فوج حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشتگردوں کی مالی اعانت کیخلاف مکمل تعاون فراہم کرے گی،غیرقانونی سرگرمیاں دہشتگردی کی مالی معاونت سے اندرونی طورپرجڑی ہوئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرگہری تشویش کا اظہار کیا جبکہ فورمنے لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال جنگ بندی کیخلاف ورزیوں پر بھی خدشات کا اظہار کیا۔
فورم نےمقبوضہ کشمیرکے عوام کے منصفانہ حقوق کیلئے پاکستان کی پُرزور اور غیرمتزلزل حمایت پرزور دیا اور شرکا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی سطح پراجاگرکرنے کیلئے مستقل سفارتی کوششیں ضروری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے فلسطین کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورجنگی جرائم کی شدید مذمت کی جبکہ فورم نے فلسطینوں کی غیرمتزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس کے اختتام پرآرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو آپریشنل تیاری اورپیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیارات برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور بہترین جنگی تیاریوں کوبرقرار رکھنے کیلئے سخت تربیت یقینی بنانے پربھی زور دیا۔
