کراچی: پاکستان میں توانائی کی بچت کو فروغ دینے کی جانب اہم پیش رفت، آباد اور اور نیکا کے درمیان توانائی کی بچت کے لیے مستقبل کے تعمیراتی منصوبوں میں انرجی کنزویشن بلڈنگ کوڈ کے نفاذ کے حوالے سے تبادلہ خیال اور آبادہاؤس کو توانائی بچت کا ماڈ ل بنانے کے عزم کااظہار کیا گیا۔
چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ یہ اقدام توانائی کی بچت کے حوالے سے تعمیراتی منصوبوں کے لیے ایک معیار قائم کرے گا اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک مثال بنے گا۔
پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) اور اور نیشنل انرجی ایفی شنسی کنزویشن اتھارٹی(NEECA) کے درمیان ایک نتیجہ خیز اجلاس کاانعقاد ہوا جس میں نیکاکے ایم ڈی سردار معظم، آبادکے سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمید،وائس چیئرمین طارق عزیز اور آبادکے سینئر ممبر یونس لاکھانی اور عفان قریشی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیئرمین آبادنے توانائی کی بچت کے لیے نیکا کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ تعمیراتی شعبے میں ای سی بی کوڈ کے نفاذ سے نہ صر ف توانائی کے بحران پر قابوپایا جاسکے گا بلکہ اس سے پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔
چیئرمین آباد کاکہنا تھا کہ آباداورنیکاکے درمیان شراکت داری توانائی کی بچت والے ڈیزائنز اور ٹیکنالوجیز کووسیع پیمانے پر اپنانے کی حوصہ افزائی ہوگی اور پاکستا ن بھر کے بلڈرز،ڈیولپرز اور آرکیٹیکٹس کے معیار میں اضافہ ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے تعمیراتی شعبے کوبھی ترقی ملے گی، تعمیراتی شعبے کا پاکستان کی معاشی ترقی میں مرکزی کردار ہے، تعمیراتی شعبے کی ترقی کا مطلب پاکستان کی ترقی ہے۔
چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ ای سی بی کوڈ کے نفاذ کے بعد تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔حسن بخشی نے کہاکہ نیکااورآؔباد کے درمیان شراکت داری ایک سبزپاکستان اور پائیدارمستقبل کاپیش خیمہ ہوگی۔
