سجاول: جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے وسائل، جزائر دائو پر ہیں،اب دریا پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔دریائے سندھ پر نئے کینال کسی صورت قبول نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم پر فتویٰ دیا تھا،کینالز کے خلاف بھی فتویٰ مرتب ہورہا ہے۔ 14 مارچ دریاؤں کے عالمی دن پر صوبہ سندھ میں جمع نماز کے بعد کینالز کے خلاف احتجاج ہوں گے۔
مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ رمضان کے بعد گلی گلی اور محلوں محلوں میں سندھو بچاو اور سندھو بچاو عنوان کے تحت احتجاج ہوگا۔ 6 اپریل کو سندھ بھر میں میں دریائے سندھ کے پلوں پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔صوبے مضبوط ہوں گے تو وفاق مضبوط ہوگا۔
رہنما جے یو آئے مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو ان کے دریا پر قبضہ کرکے باغی نہ بنائیں۔ اگر دریا کا میٹھا پانی سمندر میں نہ گیا تو ٹھٹہ، بدین صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔ملک کے فیصلے بند کمروں میں نہیں کیے جائیں۔سکھر اور لاڑکانہ میں مردے نہلانے کے لئے پانی موجود نہیں ۔ملک اس وقت دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے۔
مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمران امریکہ کے غلام ہیں، ملک کو جب تک خودمختاری نہیں دی جاتی، اور عوامی رائے کا احترام نہیں کیا جائے گا ملک ترقی نہیں کرے گا۔ ملک کے فیصلے ملک کے اندر ہونے چاہئیں۔ پاکستان میں عالمی اداروں کی سازشوں کو بند کیا جائے، بلوچستان ٹرین واقعے میں اگر بیرونی ہاتھ ملوث ہیں تو انہیں بے نقاب کیا جائے۔ ہمیں پی ٹی آئی سے سیریس تحفظات ہیں وہ دور ہونے چاہئیں۔
