سوئی سدرن گیس کمپنی نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کو گیس فراہمی کی یقین دہانی کرادی

کراچی:چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی سوئی سدرن گیس کمپنی کے وفد سے ملاقات۔نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش پر برہمی کا اظہار کیا۔

اس موقع پرسوئی سدرن گیس کمپنی کے ذمہ داران اور ٹاؤن کے افسران بھی موجود تھے۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں جاری گیس لائنوں کی تنصیب کے لئے کھدائی کے عمل سے عوام پریشان ہیں،جبکہ اس رمضان مبارک میں نیو کراچی ٹاؤن کے کچھ علاقوں میں گیس کی بندش جارہی ہے اور عوام کو سحر و افطار کی تیاری میں شدید پریشانی پیش آرہی ہیں اس حوالے سے عوامی شکایات موصول ہورہی ہیں اور عوام میں غم و غصہ پایا جارہا ہے لہذا ان شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان مبارک مقدس مہینہ ہے اور اس ماہ میں مسلمان سنت نبوی پر عمل کرتے ہوئے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ روزے رکھتے ہیں اس ماہ میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات بام عروج پر ہوتے ہیں لوگ گیس کی بندش سے پریشان ہیں ان کے جذبات کا احساس کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی سحر و افطار کی اوقات میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے اوراپنی ذمہ داری کو پورا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں گیس لائنوں کی تنصیب سے واٹر اینڈ سیوریج لائنیں بھی متاثر ہورہی ہیں ان ٹوٹ پھوٹ کا شکار لائنوں کی فوری مرمت کرائی جائے تاکہ عوام کو اس ماہ مبارک میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے وفد نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کو یقین دلایا ہم عوام کی پریشانی کوسمجھتے ہیں اور اس حوالے سے کوششیں کررہے ہیں کہ رمضان مبار ک میں گیس کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے اورگیس لائنوں کی تنصیب سے متاثرہ پانی اور سیوریج لائنوں کے حوالے سے بھی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سے رابطے میں ہیں اور جلد ان متاثرہ لائنوں کی مرمت و تبدیلی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں