ایرانی آرٹسٹ کی آرٹس کونسل میں نمائش خوش آئند اقدام ہے :سعید غنی

کراچی:آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور قونصلیٹ جنرل ایران کراچی کے مشترکہ تعاون سے Wooden Scriptures Exhibition کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری احمد شاہ بلڈنگ میں کیاگیا، نمائش کا افتتاح قونصل جنرل ایران حسن نوریان، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کیا

اس موقع پر ایرانی آرٹسٹ پرویز عابدی نے بھی موجود تھے، ایرانی فنکار کے مختلف درختوں کی لکڑیوں کی مدد سے بنائے گئے فن پارے اور صحیفے نمائش میں پیش کیے گئے جن میں عناب، نارنج، سماروبا اور زرشک کے درختوں کی لکڑی شامل ہے

صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہاکہ میں نے نوجوانوں کی ،جیل کے قیدیوں کی اور مختلف ممالک کے فنکاروں کی بہت سی نمائشیں دیکھی ہیں مگر آج کی نمائش بہت کمال کی ہے ، اللہ نے مختلف لوگوں کو مختلف صلاحیتوں سے نوازا ہوتا ہے جس کا اظہار مجھے یہاں نظر آتا ہے ، اس نمائش کا ایک فن پارہ ایسا ہے جسے بنانے میں فنکار کو تین سال لگ گئے یعنی فنکار کے صبر اور محبت نے ان کو پیچھے ہٹنے نہیں دیا اور ان کے کام نے ان کے آرٹ کو جوڑے رکھا ، ایرانی آرٹسٹ نے آرٹس کونسل کے بچوں کو تربیتی ورکشاپ بھی دی ، یہ فنکار اپنا کام دوسرے کے ساتھ بھی بانٹ رہے ہیں ایران کے ساتھ تہذیبی تعلقات بھی ہیں اگر ہم دونوں ملکوں کا دورہ کریں تو کافی چیزیں ایک جیسی نظر آتی ہیں۔

قونصل جنرل ایران حسن نوریان نے نمائش میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم اسلامی جمہوریہ ایران میں اسلامی انقلاب کی فتح کی 46ویں سالگرہ کی تقریبات منا رہے ہیں اور اس خوشی کے موقع پر مختلف تقاریب اور جشن منعقد کیے جا رہے ہیں، آج کا یہ پروگرام بھی اسی عظیم جشن کا ایک حصہ ہے، اس شاندار آرٹ نمائش میں آپ سب کو خوش آمدید کہنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے قدیم اور ہزاروں سال پرانے تعلقات ہیں ، ہمارا ایران سے تہذیبی، ثقافتی اور زبان کا گہرا رشتہ ہے ، اردو فارسی کے بطن سے نکلی ہے ، ہم بہت خوش ہیں کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ایران کے مایہ ناز فنکار کا کام نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے، پرویز عابدی لکڑی پر زبردست کام کرتے ہیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں