کراچی: معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے آباد ہاؤس کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان نے جوکچھ سیکھاہے وہ خودنہیں سیکھا وہ اللہ تعالیٰ نے عطاکیاہے،انسان کے پاس جو کچھ بھی ہے وہ اللہ کادیا ہوا ہے، تمام کاروباری معاملات میں دیانتداری، انصاف پسندی اور اسلامی اقدار کو برقرار رکھا جائے۔
چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ آبادتعمیراتی شعبے کی واحد نمائندہ جماعت ہے جس کے 14 سو ممبران پورے پاکستان میں تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، ہمیں دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کو بھی بہتر کرنے پر دھیان دینا ہے۔
اس موقع پر آباد کے سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمید،وائس چیئرمین طارق عزیز،چیئرمین سدرن ریجن احمد اویس تھانوی،آباد کے سابق چیئرمین جنید اشرف تالو، مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے مولانا یوسف جمیل اور آبادممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے،آباد کے ممبران انسانی خدمت کے تحت رول ماڈل کا کرداراداکرتے ہوئے سستی رہائش کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کریں۔انسان کے بارے میں قرآن میں لکھا ہے بہت بڑا جاہل ہے اور بہت بڑا نادان ہے۔ انسان نے جوسیکھا ہے وہ بھی اللہ نے عطا کیا ہے۔
طارق جمیل کا مزید کہنا تھا کہ انسان کادماغ صرف 5 فیصد کام کرتا ہے،انسان جب جنت میں جائے گا تو سوفیصد کام کرے گا،انھوں نے کہا کہ ناسا نے آج تک 3 فیصدکائنات کو کھوجا ہے باقی 97 فیصدڈارک ہے۔
مولانا طارق جمیل نے آباد کے ممبران سے کہا کہ اسلامی اصولوں کو اپنانے سے کسی بھی کاروبار کی طویل المدتی کامیابی کویقینی بنایا جاسکتاہے۔ آباد کے عہدیداران اور اراکین برکتیں کمانے کے لیے سستی رہائش کے منصوبے متعارف کرائیں تاکہ عام آدمی کو بھی سرچھپانے کے لیے چھت مہیا ہوسکے۔
قبل ازیں آبادکے چیئرمین محمد حسن بخشی نے کہا کہ مولانا طارق جمیل کا آباد ہاؤس کادورہ ہمارے لیے ایک بڑااعزاز ہے۔ طارق جمیل کو نہ صرف مسلمان بلکہ غیر مسلم بھی بغورسنتے ہیں،ہمارے لیے یہ اعزاز ہے کہ مولاناطارق جمیل آج آبادہاؤس تشریف لائے،ہمیں دنیاوی کامیابی کے ساتھ ساتھ آخرت میں کامیابی کیلیے بھی اقدام کرنے ہوں گے۔
حسن بخشی نے کہا کہ آخرت میں کامیاب ہونے کیلیے مولانا طارق جمیل جیسی شخصیات کی رہنمائی ضروری ہے، لوگ آپ کی بہت عزت کرتے ہیں۔ ہماری درخواست ہے کہ مولاناطارق جمیل سال میں ایک مرتبہ آباد ہاؤس ضرور تشریف لائیں۔
قبل ازیں آباد کے سینئروائس چیئرمین سید افضل حمید اور چیئرمین سدرن ریجن احمد اویس تھانوی نے بھی خطاب کیا۔
