راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جاری مذاکرات ختم کر دیئے گئے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج بانی تحریک انصاف سے میری اور دیگر وکلاء کی ملاقات ہوئی، عمران خان نے کہہ دیا حکومت آج جوڈیشل کمیشن نہیں بناتی تو مذاکرات ختم کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی حکومت کو 7 دن کا وقت دیا تھا لیکن اب تک حکومت نے جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا، ہماری خواہش تھی کہ مذاکرات ہوں اور آگے چلیں لیکن شاید سیاسی اختلافات کی ٹھنڈک اتنی زیادہ ہے کہ اس سے برف پگھل نہیں رہی
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ حکومت کی طرف سے آج تک کوئی اعلان نہیں ہوا۔اگر کمیشن کا اعلان نہیں ہوتا تو مذاکرات کے مزید راؤنڈ نہیں ہوں گے، 3 ججز پر مشتمل کمیشن بننے کی صورت میں مذاکرات کئے جا سکتے ہیں۔
