واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدہ ہماری تاریخی کامیابی کا نتیجہ ہے،یہ مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے پہلا قدم ہے، غزہ جنگ بندی معاہدے سے خطے میں امن بحال ہو گا۔
واشنگٹن میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آنیوالی امریکی انتظامیہ نے تین ماہ سے کم عرصے میں یہ کامیابی حاصل کی، بائیڈن چار سال میں وہ نہ کر سکے جو میرے عہدہ سنبھالنے سے قبل ہو گیا، خوشی ہے یرغمالیوں کی رہائی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدے سے خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔ایران کے پاس اب حزب اللہ یا حماس کے لئے پیسہ نہیں، مشرق وسطیٰ کیلئے میرے نامزد ایلچی کی وجہ سے غزہ معاہدہ ہوا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن میں بڑی اکثریت سے کامیابی حاصل کی، ہم ایک بار امریکا کو عظیم بنانے جارہے ہیں، امن وامان بحال کریں گے، تاریخی رفتار اور طاقت کے ساتھ کام کریں گے، امریکا کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنائیں گے، غیر قانونی تارکین وطن کی آمد روک کر سرحد کو محفوظ بنائیں گے۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پہلی بار تمام 50 ریاستوں نے ری پبلکنز کی حمایت کی، دنیا بھر سے جرائم پیشہ گروہوں کو امریکا بھیج دیا گیا،دیگر ممالک نے اپنے جرائم پیشہ افراد کو امریکا بھیج کر ان سے نجات حاصل کی۔
