کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور حکومت سندھ ہمیشہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، سندھ حکومت نے پی پی پی موڈ پر کام کر رہی ہے، ہم سرمایہ کاروں کو بھی پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت ہر قسم کی سہولت دینے کے لئے تیار ہیں۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں سندھ سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چینی سرمایہ کار کراچی میں میڈیکل سٹی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ، صدر آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کی جانب سے چینی سرمایہ کاروں کو مدد دینے کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سب سے موزوں خطہ ہے ، ہم دو سو سال تک تھر کے کوئلے سے سستی بجلی پیدا کر سکتے ہیں ، گرین انرجی کے حوالے سے یہاں بہت سی کمپنیاں کام کر رہی ہیں ۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ سے بھی کسانوں کو بہت فائدہ ہوگا ، کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محدود پانی سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل ہوگی۔ چائنیز ٹیکنالوجی اور ہمارے ملک میں موجود مواقع مل کر ترقی کے مزید مواقع پیدا کریں گے ، سندھ حکومت چائنیز سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرے گی ، میں چاہتا ہوں کہ ایسے مواقع ملتے رہیں۔