کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا ہے پانی کی لائن لیکیج ایک اہم مسئلہ ہے جس سے نہ صرف پانی کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ عوام کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ یہ مسئلہ نہ صرف پانی کی کمی کا باعث بنتا ہے بلکہ سڑکوں اور گلیوں میں بھی نقصان دہ حالات پیدا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو سی ون مائی گاڑھی میں پانی کی لائن لیکیج کی مرمت کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا
ان کا کہنا تھا کہ پانی کے وسائل کی حفاظت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ جب بھی پانی کی لائن میں لیکیج ہو تو یہ نہ صرف ہمارے پانی کے ذخائر کو ضائع کرتی ہے بلکہ یہ مالی اور سماجی مشکلات کا بھی سبب بنتی ہے۔ ہمیں یہ بات سمجھنی ہوگی کہ پانی ایک قیمتی اثاثہ ہے اور ہمیں اس کے استعمال اور حفاظت پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔
حاجی نواز علی بروہی کا کہنا تھا کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں اگر آپ کو اپنے علاقے میں پانی کی لائن لیک ہونے کا علم ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کریں۔ حکومت اور انتظامی ادارے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے جدید تکنیکی ذرائع استعمال کر رہے ہیں، لیکن عوامی تعاون کے بغیر یہ مسئلہ مکمل طور پر حل نہیں کیا جا سکتا۔ پانی کی لیکیج کو روکنے کے لیے ہمیں ہر سطح پر بیداری پیدا کرنی ہوگی۔لہٰذا، آئیں مل کر عہد کریں کہ ہم پانی کے وسائل کی حفاظت کریں گے اور اپنے آس پاس کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر آغا خلیق، سپریڈنٹ انجینیئر حسن شیخ اے ڈبل ای آفاق عالم ،سب انجینئر جنید صدیقی، علاقہ معززین اور عوام بڑی تعداد میں موجود تھے
