کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کارساز سانحہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے حیدرآباد میں ہٹری بائی پاس پر عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جارہا ہے۔ جمہوریت میں جلسے کرنا ہی جمہوریت کا حسن ہے۔ اس وقت کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی ہو یا قومی و صوبائی نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ سیٹیں جیتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سید وقار مہدی، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری، سنئیر نائب صدر مرزا مقبول، نجمی عالم، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹریز آصف خان، شکیل چوہدری، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، ڈپٹی مئیر، تمام ڈسٹرکٹ کے صدور، جنرل سیکرٹریز، سنئیر نائب صدور و انفارمیشن سیکرٹریز، تمام ٹائونز و یوسیز کے چیئرمینز و وائس چیئرمینز، تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران و دیگر بھی موجود تھے۔
اجلاس کے آغاز پر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو، شہید میر مرتضی بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو، کے علاوہ پارٹی کے جاں بحق ہونے والے عہدیداران و کارکنان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اجلاس میں 18 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہونے والے جلسہ عام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ 12 مئی کا سانحہ میں بھی کراچی میں بےگناہ شہریوں کو شہید کیا گیا اور 18 اکتوبر کا سانحہ بھی بے گناہ شہریوں کی شہادت کا دن ہے۔
نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کراچی میں ہر جگہ موجود ہے۔ 104 یوسیز پر کراچی میں ہم کامیاب ہوئے ہیں اور 25 میں سے اس وقت 13 ٹائونز پر پیپلز پارٹی کے ٹائونز کے چیئرمینز ہیں۔
نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ کراچی کے کنٹونمنٹ میں بھی پیپلز پارٹی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی ہو یا قومی 2 صوبائی انتخابات ہم نے میدان مارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر حیدرآباد میں جلسہ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ جمہوریت میں جلسے کرنا ہی جمہوریت کا حسن ہے۔ جلسہ جمعہ 18 اکتوبر کو سہ پہر 3.00 بجے، ہٹری بائی پاس پر منعقد ہوگا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی نے کہا کہ شہداء سانحہ کارساز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہونے والا جلسہ عام ایک تاریخی جلسہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے کارکنوں نے ماضی میں ہمیشہ ملک بھر ہونے والے جلسوں اور تقریبات میں نمایاں اور بھرپور شرکت کی ہے اور اس بار بھی بھرپور شرکت کریں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ اس بار چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سانحہ 18 اکتوبر کے شہداء کی برسی کے سلسلے میں جلسہ عام حیدرآباد میں منعقد کیا جارہا ہے اور اس جلسہ عام میں کراچی سے تمام عہدیداران و کارکنان بھرپور طور پر شرکت کریں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ جلسہ عام میں شرکت کے لئے تمام ڈسٹرکٹ و یوسی کی سطح پر اجلاس طلب کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس سے قبل 7 اکتوبر دوپہر 12 بجے پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت تمام یوسیز کی سطح پر غزہ و فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف پیپلز پارٹی مظاہرے کرے گی اور اپنے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کی جائے گی۔
