آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ورلڈ کلچر فیسٹیول جاری،آرٹ ایگزیبیشن کا انعقاد
کراچی:آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ 35 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 2024 کے تیسرے دن BTS – Behind the Stage کے عنوان پر آرٹ ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کیا،
نمائش میں ساؤتھ افریقن گروپ اور معروف مصور فرخ شہاب سمیت فن و مصوری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی، آرٹ ایگزیبیشن میں 20 سے زائد بین الاقوامی اور 6 پاکستانی مصوروں کی پینٹنگ، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ اور مجسمہ سازی کا کام نمائش میں پیش کیاگیا،
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل میں ورلڈ کلچر فیسٹیول ہو رہا ہے، پوری دنیا سے فنکار آر ہے ہیں، یہاں میوزک اور ڈانس بھی ہو رہا ہے، ہم مقامی آرٹ کو بھی پروموٹ کر رہے ہیں، آذر بائیجان کا آرٹ بھی ایگزیبیشن میں شامل ہورہاہے جس کی مالیت اربوں روپے ہے، جو پینٹرز اس دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں، پاکستان میں جتنے بڑے لوگ ہیں ان کی ایگزیبیشن ہوگی، ہم ان ینگ آرٹسٹوں کا شکر ادا کرتے ہیں، آرٹس کونسل میں جو طلباءتھے جو بچے لیاری کے تھے جو چار سال پہلے آئے تھے ،وہ بچے اتنے بڑے سیلیبرٹی ہیں کہ ان کا کام پوری دنیا میں جا رہا ہے اور اس وقت پاکستان کی چار بڑی گیلری میں لگا ہوا ہے ، یہ کچھ بچوں کا کام تھا جس کو ہم نے آج ہم نے یہاں پیش کیا ہے،
صوبائی وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ آپ جانتے ہیں کہ آرٹس کونسل میں ورلڈ کلچر فیسٹیول چل رہا ہے جو نہ صرف پورے پاکستان بلکہ پوری دنیا میں نمایاں ہو رہا ہے ، آج نوجوان نسل کا ٹیلنٹ دیکھ کر خوشی ہوئی ان بچوں کو مہران اور شہید اللہ بخش یونیورسٹی لے کر جائیں گے تا کہ یونیورسٹی کے طالب علم بھی ان سے سیکھ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی پاکستان کا شہ رگ ہے ، کراچی کا مثبت چہرہ پوری دنیا میں نظر آرہا ہے، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں بھی آرٹس کونسل نے بہت بڑا فیسٹیول کیا، کراچی میں بہت بڑے پیمانے پر کرافٹ فیسٹیول ہوگا،
نمائش میں بختیار احمد، حبیبہ مجید ، عظمیٰ سبین، بلال جبار ،کرن اسلم ،حنان منیر، زینت خان، عمارہ رفیق، انعم اشرف، یسریٰ تقی اللہ والا، جواد جان، عمینہ خان، آکاش جیوراج، شہزاد بلوچ، حنا تبسم، زہرہ جوکھیو، آمنہ قمر اور بلال احمد، حبیبہ صفدر او عروج فہیم کا کام پیش کیا گیا۔