آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ کل سے شروع ہوگا:محمد احمد شاہ
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیاگیا جس میں معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، صوبائی وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ اور سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے بریفنگ دی۔
اس موقع پر نیپال اور کوسووہ کے انٹرنیشنل گروپ بھی موجود تھے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ 26ستمبر 2024سے شروع ہوگا، جس کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کریں گے، 35روزہ فیسٹیول 30 اکتوبر2024 تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گا۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے مزید کہاکہ مختلف انٹرنیشنل گروپس جامعہ کراچی اور مختلف یونیورسٹیز کے طلباءکے ساتھ ورک شاپس بھی کریں گے، فیسٹیول میں 40تھیٹر ، 55میوزک، 50ڈانس پرفارمنسز، 20ورکشاپس، 10ٹاک اور 5 فائن آرٹ ایگزیبیشن شامل ہیں، گلگت ، کشمیر، پنجاب ، کے پی کے ، بلوچستان اور سندھ کا فوک فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا، ہم تین تہذیبوں کے وارث ہیں، اردو، سندھی ، انگلش اور مختلف زبانوں کے تھیٹر فیسٹیول میں ہوں گے، چیف سیکریٹری سندھ نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ میں 40 ممالک شرکت کریں گے جن میں فلسطین، ترکیہ، بھارت ، متحدہ عرب امارات،امریکا، برطانیہ، جرمنی، چائنا، آسٹریلیا، روس، مصر، عراق، ساؤتھ افریقہ، اٹلی، جاپان، سری لنکا، ساؤتھ کوریا، ناروے، برازیل ، اسپین، بیلجیم، یوکرین، اومان، قطر، مالٹا، زمبابوے، بنگلہ دیش، آذربائیجان، اسکاٹ لینڈ، ہنگری، فرانس، یوگنڈا، بیلاروس، آئرلینڈ، کوسووہ، برونڈی، کانگو، روانڈا ، الجزائر، سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔
انہوں نے فیسٹیول سے متعلق کہاکہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ میں 100سے زائد کلچرل پرفارمنسز ہوں گی جبکہ 450 سے زائد فنکار پرفارم کریں گے ، پاکستان اور بین الاقوامی تھیٹر، میوزک، ڈانس گروپ کی پرفارمنس کے علاوہ فائن آرٹ بھی فیسٹیول میں شامل ہیں، قوالی اور کلاسیکل رقص ، اختر چنال، وہاب بگٹی، مائی ڈھائی، انسٹرومنٹلسٹ عبداللہ ، فقیر ذوالفقار کے علاوہ سارنگی،بانسری جیسے ساز بھی فیسٹیول کو چار چاند لگائیں گے، معروف مزاح نگار انور مقصود نے کہاکہ آپ جانتے ہیں اسلام آباد، بلوچستان اور پنجاب میں کیا ہورہا ہے، سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں کلچر کے حوالے سے فیسٹیول ہونے جارہا ہے، ایسے حالات میں جب لوگ ملک سے باہر جارہے ہیں وہاں 40 ممالک کے لوگوں کا کراچی آنا خوش آئند بات ہے، یہ سندھ کی محنت اور محبت ہے کہ اتنا بڑا فیسٹیول ہورہا ہے، کراچی میں اتنے ممالک کا ایک ساتھ جمع ہونا ایک ہجوم برپا کرے گا جسے پوری دنیا دیکھے گی۔
صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ نفسانفسی کے دور میں یہ فیسٹیول پاکستان کا مثبت چہرہ دکھائے گا، ہمارا باہر ممالک سے رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہونے جارہا ہے، حکومت سندھ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہی ہے، انور مقصود نے جو بات کہی اس کو احمد شاہ نے واقعی سچ کر دکھایا، انہوں نے کہاکہ میڈیا کی آنکھ فیسٹیول کو پوری دنیا میں لے کر جائے گی، محمد احمد شاہ نے بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ میں ادبی فیسٹیول کیا جس سے پورے بلوچستان میں تبدیلی آرہی ہے، سندھ حکومت نے سیکورٹی کے معاملات پر بھی نظر ہے، آرٹس کونسل آف پاکستان کے ساتھ ہمارا مکمل تعاون ہے۔
سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے کہاکہ پاکستان میں اتنا بڑا فیسٹیول کبھی نہیں ہوا، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ثقافت کے ذریعے پاکستان کا مثبت چہرہ دکھانے کے لیے اتنا بڑا قدم اٹھایا۔واضح رہے کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے ٹکٹس آرٹس کونسل کراچی اور ٹکٹ والا سے بآسانی حاصل کرسکتے ہیں۔