
کراچی(اسٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، سید امتیازشاہ کی ہدایت پرپاکستان و نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کے سلسلے میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق میچزکے سلسلے میں اسٹیڈیم کے اندرو اطراف،اہم شاہراہوں و متبادل شاہراہوں کی صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی جاری ہیں تین شفٹوں میں 65 سے زائد عملہ اور سپروائزرتعینات ہیں اس کے علاوہ کمپیکٹرز، سائڈ لوڈر، آرم ہک اور دیگر مشینری اسٹیڈیم کے اطراف اور اسٹیدیم کے اندرضرورت کے مطابق استعمال کی جائے گی۔
سینیٹری ورکرز پر مشتمل عملہ میچ کے آغازسے پہلے، میچ کے دوران اورمیچ کے اختتام پر اسٹیڈیم کے اندراور اطراف تین شفٹوں میں صفائی کے انتظامات یقینی بنارہے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹوٹے ہوئے ڈسٹ بن تبدیل کردئیے گئے ہیں 10 کیوبک میٹر کے کنٹینرزاسٹیڈیم کے اندراضافی رکھے گئے ہیں۔اہم شاہراہوں میں شاہراہ فیصل، کلفٹن، ائیرپورٹ، کارساز روڈ، اسٹیڈیم روڈ، ڈالمیاروڈ، ڈرگ روڈ، یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر و دیگر اہم شاہراہوں پر صفائی کا عملہ تعینات ہے۔
ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے متعلقہ افسران کوہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں انٹرنیشنل میچزکا انعقاد ہمارے لئے نہ صرف اعزاز کی بات ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر اہم ایونٹ ہے صفائی ستھرائی کے معیارپر کوئی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے خصوصی توجہ دے کر صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند ماحول ہماری ترجیح ہے۔
