ریٹائرڈ اور فوت ہونے والے ملازمین کو حق دلوانا ہماری اوّلین ترجیح ہے: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن میں ریٹائرڈ اور فوت ہونے والے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لئے تقریب کا انعقادکیا گیا،چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے میونسپل کمشنر ایاز حمید اللہ بلوچ کے ہمراہ ریٹائرڈ اور انتقال کرجانے والے ملازمین کے رُکے ہوئے واجبات کی ادائیگی کے لئے ریٹائرڈ اور فوت ہونے والے ملازمین کے لواحقین میں ایک کروڑ پچپن لاکھ روپے کے واجبات کے چیک تقسیم کئے۔
اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرڈ اور فوت ہونے والے ملازمین کو حق دلوانا ہماری اوّلین ترجیح ہے،انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنی زندگی کے کئی سال سرکاری اداروں میں اپنی خدمات سر انجام دیتے ہیں اور ریٹائر ہونے کہ بعد بھی وہ اپنے بقایا جات کے لئے انتظار کرتے ہیں جبکہ ان ملازمین کو ریٹائر ہونے کہ ایک ماہ کے اندر ہی تمام تر بقاجات دے دیئے جائیں تاکہ وہ اپنی زندگی میں ہی ان پیسوں کو سہی جگہ استعمال کرسکیں،ہماری کوشش ہے کہ نیو کراچی ٹاؤن کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے وقت واجبات کی ادائیگی ممکن ہوسکے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ منتخب نمائندے نہ صرف عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں بلکہ نیو کراچی ٹاؤن کے ملازمین کے حقوق بھی دلانے میں اپنا پورا کردار اداکررہے ہیں۔انشاء اللہ ہماری کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر خدمات مہیاکرنے کے لئے نیو کراچی ٹاؤن کی آمدنی میں اضافہ کیاجارہا ہے جبکہ نیو کراچی ٹاؤن کے زیرِ انتظام چلنے والی ڈسپنسریوں کی حالت بہتربنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ نیو کراچی ٹاؤن کے ریٹائرڈ ملازمین اور فوت ہونے والے ملازمین کے لواحقین کواُنتالیس لاکھ فائنانشل اسسٹینس (financial assistance) کے طور پر اداکئے گئے جبکہ لیو ان کیشمنٹ(leave encashment) کی مَد میں ایک کروڑ سولہ لاکھ روپے اداکئے گئے ہیں۔

