
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے 180 ارکان کی حمایت کے ساتھ اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا.
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے آج اعتماد کے اظہار کے لیے قرارداد پیش کردی گئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم میاں شہباز شریف پر اعتماد کی قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کی اور کہا کہ پورے ملک میں افواہیں چل رہی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا کو دکھا دیں کہ پاکستان کی پارلیمان آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے۔

بعدازاں اسپیکر نے قرار داد کی حمایت میں ارکان کو نشستوں پر کھڑے ہونے کی ہدایت کر دی اور گنتی کی گئی جو کہ 180 نکلی۔ وزیراعظم نے 172 کے بجائے 8 اضافی ووٹ کے ساتھ ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔
جماعت اسلامی، جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
