عیدالاضحیٰ آپریشن کے انتظامات کے لیے گلشن اقبال ٹاؤن کا اجلاس

 آلائش اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے کام کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی،ڈاکٹر فواد

کراچی: چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد کی صدارت میں عیدالاضحٰی پر آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے آپریشن کے انتظامات کو سامنے رکھتے ہوئے مزید بہتری لانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹاؤن وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی سمیت یوسی چیئرمین/وائس چیئرمین اور افسران  نے شرکت کی،اجلاس میں عیدالاضحٰی میں آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صبح ساڑھے چھ بجے گاڑیاں ہر یوسی میں موجود ہونگی۔ ٹاؤن کی جانب سے انچارج میونسپل سروسز راؤ شمشاد خدمات سر انجام دیں گے جبکہ عیدالاضحیٰ آپریشن کیلئے یوسی وائس چیئرمین آصف کریم کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا جو متعلقہ یوسیز کے منتخب بلدیاتی نمائندگان کے ہمراہ خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے اس موقع پر کہا کہ عیدالضحیٰ پر آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے کام میں یوسی میں فرائض سر انجام دینے کیلئے منتخب بلدیاتی نمائندگان مکمل طور پر الرٹ رہیں گے،یوسی کی ہر گلی سے آلائشیں اٹھوائی جائیں گی،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے جو گاڑیاں فراہم کی جائیں اس کا عملہ متعلقہ یوسی چیئرمین /وائس چیئرمین کو رپورٹ کرے گا  شکایات کے ازالے کیلئے واٹس ایپ نمبر کا اجراء کیا جائے گا

انہوں نے کہا کہ آلائشیں اٹھانے کے بعد چونے کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے جبکہ سیوریج کا اسٹاف بھی موجود رہے تاکہ ضرورت پڑنے پر کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے،

چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے عوام سے گزارش کی کہ وہ قربانی کے بعد آلائش ایک طرف رکھ دیں جبکہ کوشش کریں کہ جس جگہ قربانی کی جائے اسے صاف کر دیا جائے انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ عیدالضحیٰ پر گلشن اقبال ٹاؤن کے مکینوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے ٹیم ورک کے طور پر فرائض سر انجام دیں گے اور ایسے انتظامات کئے جائیں گے جو عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں