
صدر پاکستان نے علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے اور وزارت قانون و انصاف نے ڈاکٹر صاحب کی تقرری کانوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ڈاکٹر راغب حسین نعیمی دوسری مرتبہ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن ہیں۔ ڈاکٹر صاحب اس وقت کئی اعلیٰ مناصب پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔آپ لاہور میں معروف دینی درسگاه جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین ہیں۔ اس سے قبل آپ پنجاب زکوۃ کونسل کے ممبر بھی رہے ہیں۔
آپ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن اور پنجاب یونیورسٹی لاہور ، نیز زرعی یورنیورسٹی فیصل آباد کے سنڈیکٹ کے ممبر بھی ہیں۔ آپ نے دینی تعلیم دارالعلوم جامعہ نعیمیہ لاہورسے حاصل کی، گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن كی، پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے عربی میں گولڈ میڈلسٹ حاصل كیا اور اسلامی معاشیات میں پی ایچ ڈی كی ڈگری حاصل كی۔
آپ ملک وبیرون ملک بیسیوں کانفرنسز میں مقالات پیش کرچکے ہیں۔ تعلیم کے فروغ ، امن و امان کے قیام اوربین المذاہب و مسالک ہم آہنگی كے فروغ كے لیے آپ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے حال ہی میں آپ کو دینی تعلیمی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں صدر مملکت کی جانب سے ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔
