بلوچستان بڑی تباہی سے بچ گیا، خاتون خود کش بمبار گرفتار
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی،کالعدم دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کی خاتون خود کش بمبار کو گرفتار کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے خاتون خودکش بمبار کی گرفتاری پر سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی سے کئی معصوم جانیں بچائی گئیں۔
کوئٹہ میں صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگرد ایک معصوم لڑکی کو خودکش حملے کے لیے استعمال کر رہے تھے اور “لائبہ” کا واقعہ سب کے سامنے ہے۔سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اب صوبے کے عوام دہشتگردی کو قبول نہیں کرتے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچ ایک غیرت مند قوم ہے اور دہشتگرد تنظیمیں بلوچ خواتین کا استحصال کر رہی ہیں جبکہ بلوچیت کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے الزام عائد کیا کہ بشیر زیب گروپ اور بلوچ لبریشن آرمی نے خواتین کے احترام کو نقصان پہنچایا اور بلوچ قوم کو ایک لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

