سوشل سیکورٹی پینشن، محنت کشوں کے لیے سماجی تحفظ
تحریر: وسیم جمال
ہمارے ملک میں سماجی تحفظ کا نظام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، پاکستان میں محنت کشوں کے لیے سماجی تحفظ کے نظام میں بتدریج وسعت اس بات کا بین ثبوت ہے کہ مزدور, صنعتکار اور حکومت اس کی اہمیت و افادیت کو تسلیم کرتے ہیں، آثار و قرائن اس امر کی شہادت دے رہے ہیں کہ ایک نہ ایک دن ہر پاکستانی شہری کسی نہ کسی طرح سماجی تحفظ کے نظام سے منسلک ہوگا
پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں محنت کش طبقہ معیشت کا بنیادی ستون ہے۔ صنعتوں، فیکٹریوں اور تجارتی اداروں میں کام کرنے والے مزدور اپنی محنت اور صلاحیتوں سے ملکی پیداوار میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مگر زندگی ہمیشہ یکساں نہیں رہتی۔ حادثات، بیماری یا اچانک پیش آنے والے حالات کسی بھی مزدور کی زندگی کو یکسر بدل سکتے ہیں۔ ایسے حالات میں مزدور اور اس کے خاندان کو سہارا فراہم کرنے کے لیے سوشل سیکورٹی اسکیم کا نظام قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد محنت کشوں کو معاشی اور سماجی تحفظ فراہم کرنا ہے۔
سوشل سیکورٹی اسکیم کے تحت مزدوروں کو علاج و معالجہ کی مکمل مفت فراہمی اور دیگر طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ مالی تحفظ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ مختلف مالی فوائد کی سہولیات میں سے معذوری پینشن اور پسماندگان کی پینشن خصوصی اہمیت رکھتی ہیں کیونکہ یہ مزدور اور اس کے اہل خانہ کو مشکل ترین حالات میں معاشی سہارا فراہم کرتی ہیں۔
صنعتی ماحول میں کام کرتے ہوئے مزدور بعض اوقات حادثات یا بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اگر کسی رجسٹرڈ مزدور کو ایسا حادثہ پیش آ جائے جس کے نتیجے میں وہ مستقل طور پر معذور ہو جائے اور مزید کام کرنے کے قابل نہ رہے تو سوشل سیکورٹی اسکیم کے تحت اسے جزوی معذوری کی پینشن ( اگر معذوری 21 سے 66 فیصد کے درمیان ہے تو ایسے شخص کو جزوی طور پر معذور سمجھا جائے گا) اور مکمل معذوری کی ماہانہ پینشن دی جاتی ہے۔ یہ پینشن محنت کش کو تاحیات ملتی ہے
معذوری پینشن دراصل مزدور کے لیے ایک مستقل مالی مدد ہے جو اسے ماہانہ بنیادوں پر فراہم کی جاتی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ معذوری کے باعث مزدور کی آمدنی مکمل طور پر ختم نہ ہو اور وہ اپنے خاندان کے ساتھ باعزت زندگی گزار سکے۔ یہ سہولت نہ صرف مزدور کے لیے معاشی تحفظ فراہم کرتی ہے بلکہ اس کے خاندان کو بھی ذہنی سکون دیتی ہے کہ مشکل وقت میں انہیں سہارا میسر ہوگا۔
اگر کسی رجسٹرڈ محنت کش کا دوران کار کسی حادثہ کی صورت میں یا اپنی ملازمت کی جگہ آتے ہوئے یا واپس گھر جاتے ہوئے انتقال ہو جائے تو ایسے حالات میں سوشل سیکورٹی اسکیم محنت کش کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑتی۔ اس کے تحت محنت کش کے پسماندگان یعنی بیوہ، بچوں اور دیگر مستحق اہل خانہ کو پسماندگان کی پینشن فراہم کی جاتی ہے۔ تحفظ یافتہ محنت کش پینشنر کے انتقال کی صورت میں اس کی بیوہ کو تا عمر پیشن ملتی ہے تا وقت کی وہ دوسری شادی نہ کرئے، جب کہ مرحوم کے بچوں میں لڑکوں کو 21 سال کی عمر تک اور لڑکیوں کے لیے جب تک شادی نہ ہو جائے پینشن دی جاتی ہے، جب کہ والدین کو تا حیات پینشن دی جاتی ہے
یہ پینشن دراصل اس بات کا عملی اظہار ہے کہ سوشل سیکورٹی نظام صرف مزدور تک محدود نہیں بلکہ اس کے خاندان کے مستقبل کو بھی مدنظر رکھتا ہے۔ پسماندگان کی پینشن کے ذریعے مزدور کے اہل خانہ کو ماہانہ پینشن ادا کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات جیسے خوراک، تعلیم اور دیگر اخراجات پورے کر سکیں۔
اگرچہ سوشل سیکورٹی اسکیم مزدوروں کے لیے کئی اہم فوائد فراہم کرتی ہے، مگر بدقسمتی سے بہت سے مزدور ان سہولیات کے بارے میں مکمل آگاہی نہیں رکھتے۔ اس لیے ضروری ہے کہ صنعتی ادارے اپنے تمام کارکنان کو سوشل سیکورٹی میں رجسٹرڈ کروائیں اور انہیں اس نظام کے فوائد کے بارے میں آگاہ کریں۔
اسی طرح سوشل سیکورٹی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو معلومات فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس فلاحی نظام سے فائدہ اٹھا سکیں۔
سوشل سیکورٹی اسکیم دراصل ایک ایسا نظام ہے جو مزدور کو زندگی کے مشکل حالات میں تحفظ فراہم کرتا ہے۔ معذوری پینشن اور پسماندگان کی پینشن جیسی سہولیات اس بات کا ثبوت ہیں کہ معاشرے میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
ایک مضبوط سوشل سیکورٹی نظام نہ صرف مزدوروں کے اعتماد کو بڑھاتا ہے بلکہ صنعتی ترقی کے لیے بھی مثبت کردار ادا کرتا ہے۔ جب مزدور کو یہ یقین ہو کہ مشکل حالات میں اس کے اور اس کے خاندان کے لیے معاشی تحفظ موجود ہے تو وہ زیادہ اعتماد اور دلجمعی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا ہے۔
آخر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ سوشل سیکورٹی اسکیم محنت کشوں کے لیے ایک ایسا حفاظتی حصار ہے جو نہ صرف ان کی زندگی میں بلکہ ان کے بعد بھی ان کے خاندان کو سہارا فراہم کرتا ہے۔ یہی وہ تصور ہے جو ایک فلاحی اور ذمہ دار معاشرے کی بنیاد بنتا ہے
