لیلۃ القدر کے موقع پر سعدیہ راشد کا قوم کو پیغام
رمضان المبارک کی یہ بابرکت رات،یقینا بنی نوعِ انسان کے لیے ہدایت اور فلاح کاعظیم تحفہ ہے۔ اسی مقدس شب میں اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم نازل فرما کر انسانیت کو رشد و ہدایت کا کامل ضابطہ عطا کیا۔ یہ رات فقط عبادت و ریاضت کی نہیں بلکہ اپنے اجتماعی طوپر عہد کی تجدید اور ذمے داریوں کے احساس کی بھی رات ہے۔
اسی روحانی فضا کے ساتھ ہمارا قومی تشخص بھی وابستہ ہے کہ مملکتِ خداداد کا قیام اللہ تعالیٰ کی خاص مشیت اور فضل کا مظہر ہے۔ اس نعمت پر شکرگزاری کا تقاضا ہے کہ ہم آزادی کی قدر کریں اور اسے دینی و ملی شعور کے ساتھ یاد رکھیں۔
شہیدِ پاکستان حکیم محمد سعید نے اسی فکر کو اجاگر کرنے کے لیے27رمضان کو یومِ استقلال کے طور پر منانے کی تحریک دی۔ انہوں نے اپنی زندگی قوم کی فکری و اخلاقی تربیت کے لیے وقف رکھی۔ شہر علم وحکمت مدینۃ الحکمہ بسا کر ہمدرد یونیورسٹی ہمدرد پبلک اسکول و ہمدرد ولیج اسکول جیسے تعلیمی اداروں کا قیام اسی عزم کا عملی اظہار ہے، جہاں آج بھی 27رمضان کو یوم آزادی ملی و دینی جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے-
بہ طور قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ رمضان کی راتوں میں اپنے اعمال کا محاسبہ کریں، کوتاہیوں پر استغفار کریں، اور وطنِ عزیز کی سلامتی، اتحاد اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ اگر ہم اپنے نظریاتی اور روحانی رشتے کو کمزور کریں گے تو انتشار اور باہمی اختلاف کا شکار ہو جائیں گے۔
آئیے، لیلۃ القدر کی بابرکت ساعتوں میں عہد کریں کہ ہم اپنے ایمان کو مضبوط کریں گے، اپنے وطن سے وفاداری نبھائیں گے، اور آنے والی نسلوں تک قیامِ پاکستان کے حقیقی مقصد کو منتقل کریں گے۔ دنیا بھر میں جو جنگ و جدل اوربد امنی کا ماحول ہے، اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے انسانیت کو اس سے جلد از جلد نجات عطا فرمائیں اور پوری دنیا میں امن و سلامتی اور اخوت کو فروغ دیں۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن و ترقی عطا فرمائیں۔ آمین!
