یومِ بابُ الاسلام برصغیر کی تاریخ کا ایک درخشاں اور سنہرا باب ہے: سعدیہ راشد

یومِ بابُ الاسلام برصغیر کی تاریخ کا ایک درخشاں اور سنہرا باب ہے: سعدیہ راشد

کراچی: ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر، سعدیہ راشد نے 10 رمضان، یومِ بابُ الاسلام کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن برصغیر کی تاریخ کا ایک درخشاں اور سنہرا باب ہے۔ اسی روز ایک نوجوان، باہمت اور مدبر سپہ سالار محمد بن قاسم نے سرزمینِ سندھ کے راستے برصغیر کو اسلامی تہذیب و ثقافت کی روشنی سے آشنا کیا۔ 10 رمضان کا یہ معرکہ حق و باطل کے درمیان فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوا، جس میں اسلامی افواج نے فتح یاب ہو کر اس خطے میں ایک نئے عہد کا آغاز کیا۔

آج جب قوم سازی کے عمل کو کمزور کرنے اور قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کے لیے مختلف حربے آزمائے جا رہے ہیں، ایسے میں ہمیں یوم ِ بابُ الاسلام کے فکری و عملی پیغام کو ازسرِنو سمجھنے اور اپنانے کی ضرورت ہے۔ شہیدِ پاکستان حکیم محمد سعید نے اسی مقصد کے تحت تحریک یوم بابُ الاسلام شروع کی تھی کہ ہم لسانی، علاقائی اور نسلی تعصبات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی خدمت اور تعمیر و ترقی کو اپنا شعار بنائیں۔ مدینۃ الحکمہ کا قیام بھی اسی تاریخی شعور کی علامت ہے۔ یہ شہر علم و حکمت اُس مقام پر قائم کیا گیا جہاں روایت کے مطابق محمد بن قاسم کی قیادت میں اسلامی افواج نے پہلا پڑاؤ کیا تھا اور متعدد مورخین بھی اس نسبت کو تسلیم کرتے ہیں۔ اسی تاریخی اہمیت کے پیشِ نظر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ انتظام تعلیمی اداروں میں یومِ بابُ الاسلام کو باوقار انداز میں منانے کی روایت آج بھی برقرار ہے۔

نئی نسل کو محمد بن قاسم جیسی عظیم اور جلیل القدر شخصیت سے متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہ عزم و استقلال کے پیکر، عدل و شجاعت کے علم بردار اور اعلیٰ اخلاق کے حامل سپہ سالار تھے۔ انہوں نے اپنے حسنِ تدبر، فہم و فراست اور رواداری سے مقامی آبادی کے دل جیتے اور اسلام کی حقانیت کو اپنے کردار سے نمایاں کیا۔ محمد بن قاسم کی آمد محض ایک عسکری فتح نہیں تھی، بلکہ اس نے برصغیر میں ایک تہذیبی اور تاریخی تسلسل کی بنیاد رکھی، جو بالآخر قیامِ پاکستان پر منتج ہوا۔

لہٰذانونہالانِ وطن اور نوجوان نسل اس دن کو محض ایک یادگار کے طور پر نہیں بلکہ ایک عہدِ نو کی تجدید کے طور پر منائیں،اور محمد بن قاسم کی سیرت و کردار سے اتحاد، عدل، خدمتِ خلق اور قومی یکجہتی کا درس حاصل کریں۔

اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے وطن پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائیں اور ہماری مسلح افواج اور محافظوں کو اپنی خصوصی حفظ و امان میں رکھیں، آمین۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں