اسکاؤٹ سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنایا جائے:صدر مملک
یومِ اسکاؤٹ 2026 کے موقع پر چیف اسکاؤٹ پاکستان اور صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کا پیغام
میں عالمی یومِ اسکاؤٹس کے موقع پر پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پانچ لاکھ سے زائد اسکاؤٹس اور لیڈرز کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن لارڈ بیڈن پاول کی سالگرہ کے حوالے سے منایا جاتا ہے، جو 22 فروری 1857 کو پیدا ہوئے اور بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے بانی تھے۔ یہ دن دنیا بھر میں 6 کروڑ سے زائد اسکاٶٹس کی جانب سے منایا جاتا ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنا کر دنیا کو بہتر بنانے کے ان کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، جو 176 ممالک اور خطوں تک پھیل چکا ہے اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔
بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے نوجوانوں کے کردار اور مستقبل کی تشکیل میں اسکاؤٹنگ کی اہمیت کو تسلیم کیا 22 دسمبر 1947 کو پاکستان کے پہلے چیف اسکاٶٹ کی حیثیت سے اسکاؤٹس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا، “اسکاؤٹنگ ہمارے نوجوانوں کے کردار کی تعمیر، ان کی جسمانی، ذہنی اور روحانی نشوونما اور انہیں منظم، روادار، مفید اور اچھا شہری بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔”
آج اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ اسکاؤٹ سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ ہماری قوم کو سرسبز، موسمیاتی تغیرات سے محفوظ، منشیات سے پاک اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔ اسکاؤٹس کو چاہیے کہ وہ اپنی تربیت کو بروئے کار لاتے ہوئے زندگی کی مہارتوں میں اضافہ کریں، ہنگامی حالات اور آفات سے نمٹنے میں کردار ادا کریں اور پاکستان سے پولیو کے خاتمے میں بھی اپنا حصہ ڈالیں۔
مجھے یقین ہے کہ آنے والے برسوں میں پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن، جو ورلڈ آرگنائزیشن آف دی اسکاؤٹس موومنٹ سے وابستہ ہے، مزید ترقی یافتہ اور مؤثر ادارہ بن کر ابھرے گا اور قوم کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
چیف اسکاؤٹ پاکستان کی حیثیت سے میں پاکستان کے تمام اسکاؤٹس کے لئے ان کے عظیم مشن میں مسلسل کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔ الّلہ کرے کہ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن ہمارے نوجوانوں کو قوم کی تعمیر کا مؤثر محرک بنانے کا پلیٹ فارم ثابت ہو۔
