عوام کے اتحاد سے انتہاپسندی اور دہشت گردی کو شکست دیں گے: آصف علی زرداری
صدرمملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کو معاشی دباؤ اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، عوام کے اتحاد سے انتہاپسندی اور دہشت گردی کو شکست دیں گے۔
بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلزپارٹی کے اجلاس میں صدر پاکستان نے قومی چیلنجوں کے درمیان اتحاد اور لچک، سیاسی مذاکرات اور اتحاد کی اہمیت پر زوردیا۔
آصف علی زرداری کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پیپلزپارٹی کی مقامی اور صوبائی قیادت شریک ہوئی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوریت انصاف، قومی ہم آہنگی اور ترقی کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے، عوامی خدمت اورتعمیری سیاست میں ثابت قدمی کی ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی دباؤ اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پارٹی کارکنوں اور قیادت کی جانب سے صبر اور مسلسل کوشش کی ضرورت ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قومی ترقی کیلئے معاشی استحکام اور زراعت کو مضبوط بنانا ضروری ہے، قومی خود مختاری، سالمیت اور پاکستان کی سلامتی ہمیشہ پیپلزپارٹی کی بنیاد رہی ہے ذوالفقارعلی بھٹو سے لیکر محترمہ بینظیر شہید تک دشمنوں کی طرف سے لاحق خطرات کیخلاف لڑتے رہے ہیں۔اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، عوام کے اتحاد سے انتہاپسندی اور دہشت گردی کو شکست دیں گے۔
