’35ویں نیشنل گیمز کے لیے سندھ ویمن سافٹ بال ٹیم کے ٹرائلز19 اکتوبر کو کراچی، سکھراور لاڑکانہ میں ہوںگے
اب تک حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد ڈویژن میں ویمن سافٹ بال کے ٹرائلز کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں، جن میں درجنوں باصلاحیت کھلاڑیوں نے حصہ لیا — ڈاکٹر فرحان عیسیٰ
کراچی۔سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے کہا کہ33ویں نیشنل گیمز کراچی 2025 کے سلسلے میں سندھ ویمن سافٹ بال ٹیم کی تشکیل کے لیے ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد ڈویژن میں ویمن سافٹ بال کے ٹرائلز کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں، جن میں درجنوں باصلاحیت کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کے مطابق باقی ڈویژنز یعنی سکھر، لاڑکانہ اور کراچی ڈویژن کے ٹرائلز 19 اکتوبر بروز اتوار کو منعقد ہوں گے۔
کراچی ڈویژن کے اوپن ٹرائلز کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس (فٹبال گراؤنڈ) میں شام 3:30 بجے ہوں گے،جبکہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے ٹرائلز اسی روز ہاکی اسٹیڈیم سکھر میں صبح 11:00 بجے منعقد کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے بتایا کہ سندھ ویمن ٹیم کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے ارکان میں محمد اقبال، فراز اعجاز، ناہید لیاقت اور سعد آصف شامل ہیں۔ ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس، تکنیکی صلاحیت اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لے کر بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا تاکہ سندھ کی ٹیم نیشنل گیمز میں بھرپور انداز میں نمائندگی کر سکے۔
سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ذیشان مرچنٹ نے اس موقع پر کہا کہ سندھ میں ویمن سافٹ بال کا ٹیلنٹ بہت مضبوط اور امید افزا ہے۔ ہمارا مقصد شفاف سلیکشن کے ذریعے ایک ایسی ٹیم تیار کرنا ہے جو نیشنل گیمز میں سندھ کا فخر بنے۔ ہم تمام ویمن کھلاڑیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ٹرائلز میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کریں اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں.
