کراچی نوجوان تحریک کی جانب سے شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں نمبر پلیٹس تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں کراچی نوجوان تحریک کے رہنماؤں سمیت مختلف پارٹیز کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں شہری بھی شریک ہوئے۔
رہنماؤں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو روک کر گاڑیاں ضبط کرنے اور بھاری چالان کاٹنے کی شدید مذمت کی۔
تقریب سے خطاب میں کراچی نوجوان تحریک کے چیئرمین فیضان حسین نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں نمبر پلیٹ کے نام پر بھاری چالان کاٹنا اور گاڑی ضبط کرنا شہریوں سے بہت بڑا ظلم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نمبر پلیٹ کے نام پر شھریوں سے پیسے کمانا چاہتی ہے، جب ہم نے نمبر پلیٹس مفت میں تقسیم کرنا شروع کیں تو ہمارے دفتر پر چھاپا مارا گیا۔ انہوں نے سمجھا کے ہمارا رکارڈ چلا جائے گا مگر ہمارے پاس تمام رکارڈ موجود تھا۔
فیضان حسین نے کہا کہ ہم لگ بھگ 40 ہزار سے زائد نمبر پلیٹس تقسیم کر چکے ہیں جبکہ 25 سو سے زائد بائیکس کی ہیڈ لائٹس بھی تقسیم کی ہیں۔
کراچی نوجوان تحریک کے چیئرمین فیضان حسین نے مزید کہا کہ ہمیں اجرک پر اعتراض نہیں، ہم اجرک کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہمارا مطالبہ صرف یہ ہے کہ لوگوں کو نمبر پلیٹس مفت دی جائیں، ہم سب پاکستانی ہیں اور ہمیں ایک ہونا چاہیے۔