کراچی میں جماعت اسلامی کا سیاسی مستقبل مخدوش ہے، کرم اللہ وقاصی

کراچی میں جماعت اسلامی کا سیاسی مستقبل مخدوش ہے، کرم اللہ وقاصی

کراچی: میئر کراچی کے ترجمان اور کے ایم سی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے بلاول بھٹو اور میئر کراچی کا نام استعمال کر کے اپنا قد اونچا کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے اور اس کی سیاست صرف تنقید، الزامات اور پریس کانفرنسوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ شہر کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کے بجائے جماعت اسلامی عوام کو گمراہ کرنے اور سیاسی انتشار پیدا کرنے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں کراچی میں جماعت اسلامی کے کئی میئر رہ چکے ہیں اور انکی کارردگی سب کے سامنے عیاں ہے۔ اب اس شہر میں جس طرح بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق کام ہورہا ہے اور میئر کراچی روز نئے منصوبوں کا افتتاح کررہے ہیں اور کراچی کیلئے ایک جامع منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں جہاں سڑکیں، انڈرپاس، اوور ہیڈ برج، پارکس، گراؤنڈز، کمیونٹی سینٹرز کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے اس سے جماعت اسلامی اور دیگر مخالف جماعتیں گھبراہٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ شہر اب ترقی کی طرف گامزن ہے لیکن یہ ترقی ان کی برداشت سے باہر ہے۔

کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز میں جس طرح کرپشن کا بازار گرم ہے اور کوئی منصوبے نظر نہیں آرہا جس سے جماعت اسلامی کا سیاسی مستقبل کراچی میں مخدوش نظر آرہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت کراچی کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے جبکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کرنے کے بجائے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے بڑے منصوبوں پر سیاست کرنا اور بے بنیاد الزامات لگانا جماعت اسلامی کا وطیرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنما رونے دھونے اور تنقید کے سوا کچھ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، اگر ان کے پاس کوئی قابل عمل منصوبہ ہے تو وہ سامنے لائیں، محض الزامات سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور وہ کھوکھلے نعروں اور منفی سیاست کو مسترد کردیں گے۔

کرم اللہ وقاصی نے واضح کیا کہ میئر کراچی اور ان کی ٹیم شہر کی بہتری کے لیے دن رات کام کررہی ہے اور مخالفین کی تنقید سے مرعوب ہونے کے بجائے اپنی کارکردگی سے جواب دیا جائے گا۔ میئر کراچی جس طرح شہر کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خدمت کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں انشاء اللہ کراچی اب ترقی کی طرف دوڑے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں