بلوچستان کابینہ کے فیصلوں پر عمل درآمد، نئے ڈویژنز اور اضلاع قائم
بلوچستان کابینہ کے فیصلوں پر عمل درآمد، نئے ڈویژنز اور اضلاع قائم کردئیے گئے۔
تحصیل برشور کو پشین سے الگ کرکے ضلع بنا دیا گیا، کوئٹہ کو بھی 2 اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق توبہ کاکڑی نئے ضلع برشور میں شامل ہوگا، تحصیل کاریزات ضلع پشین کا حصہ رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق ضلع پشین کو ڈویژن کا درجہ بھی مل گیا، ہیڈ کوارٹر سرانان مقرر کردیا گیا۔پشین، برشور، چمن اور قلعہ عبداللہ پشین ڈویژن میں شامل ہوں گے۔
مستونگ کو قلات ڈویژن سے الگ کرکے کوئٹہ ڈویژن میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ژوب ڈویژن کی موجودہ حدود برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، لورالائی ڈویژن میں لورالائی، دکی، موسیٰ خیل اور زیارت شامل ہیں، زیارت کو سبی ڈویژن سے الگ کرنے کی منظوری دیدی گئی۔
اعلامیے کے مطابق سبی ڈویژن کا نام تبدیل کرکے سیوی ڈویژن رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سبی، کچھی، ہرنائی اور ڈیرہ بگٹی سیوی ڈویژن میں شامل ہوں گے۔کوہِ سلیمان کے نام سے نیا ڈویژن قائم کردیا گیا، جس میں اپر ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور بارکھان شامل ہوں گے۔کابینہ فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ 7 روز میں طلب کی گئی ہے، بلوچستان کابینہ نے 19 جنوری کو نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام کی منظوری دی تھی۔
