کسی قیدی کے ساتھ ناروا سلوک نہ کیا جائے: وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری

کسی قیدی کے ساتھ ناروا سلوک نہ کیا جائے: وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری کی زیر صدارت محکمہ جیل کے افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی جی جیل خانہ جات فدا حسین مستوئی سمیت صوبے بھر کے جیل سپرنٹنڈنٹس نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کی مختلف جیلوں کی مجموعی صورتحال، قیدیوں کی فلاح و بہبود، اصلاحی اقدامات، صفائی ستھرائی، کھانے پینے کی اشیاء کے معیار اور لیگل ایڈ سمیت دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کی فلاح و اصلاح اور انسانی وقار کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ خواتین جیلوں اور بچوں کی جیلوں میں خصوصی فلاحی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ قیدیوں کے کھانے کے معیار، مقدار، ڈائٹ مینیو اور صاف پانی کی فراہمی پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “جیل آپ کا گھر ہے، اسے اپنے گھر کی طرح سمجھیں۔ کسی قیدی کے ساتھ ناروا سلوک نہ کیا جائے۔ یہ عہدے عارضی ہیں، آج میں ہوں کل کوئی اور ہوگا۔ ہم سب ایک خاندان کی طرح ہیں، اور میں آپ سب کو اپنا بھائی اور بیٹا سمجھ کر محکمہ چلا رہا ہوں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی افسر کو مجھ سے یا محکمہ کے کسی بھی فرد سے کوئی شکایت ہے تو بلاجھجک آگاہ کرے۔

اس موقع پر آئی جی جیل فدا حسین مستوئی نے کہا کہ ٹھٹھہ جیل سندھ کی تاریخ کا بہترین جیل ہے، اور ہمیں اپنے وزیرِ جیل علی حسن زرداری پر فخر ہے کہ انہوں نے قیدیوں اور جیلوں کی بہتری کے لیے نمایاں کام کیے ہیں۔

صوبائی وزیر نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ “کراچی سندھ کا دل ہے، اور بالخصوص کراچی کی جیلوں کو بہتر بنانا میری اولین ترجیح ہے۔ خدا نے مجھے موقع دیا ہے، میں چاہتا ہوں کہ اپنے افسران اور محکمے کے لیے کچھ کر جاؤں۔ آپ سب میرے لیے باعثِ فخر ہیں۔ جب تک ہم خود نہیں بدلیں گے، کچھ نہیں بدلے گا—سب سے پہلے خود کو بدلنا ہوگا۔”

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں