کراچی: وزیر اطلاعات آزاد کشمیر محمد مظہر سعید نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ، آرمی اور نیوی کے جوانوں نے بھرپور جواب دے کر ثابت کیا کہ ہم امن پسند قوم ہیں، اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات محمد مظہر سعید نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد مودی سرکار نے صرف دس منٹ کے اندر ایف آئی آر درج کر کے پاکستان کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا، حالانکہ یہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا۔ پہلگام ہم سے 250 کلومیٹر دور ہے۔ واقعے کی جگہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ اور فوجی یونٹ موجود ہیں، تو اتنے بڑے واقعے کے وقت بھارتی فوج کہاں تھی؟
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد، مودی نے اپنی ناکامی چھپانے کے لیے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا کر کشمیر پر حملہ کیا، جس میں بچوں، عورتوں اور بزرگوں سمیت کل 32 کشمیری شہید کیے گئے، جن میں ایک 40 دن کی معصوم بچی اور 80 سال کے بزرگ بھی شامل تھے۔ جنگی جنون میں مبتلا مودی نے حملوں کے بعد دعویٰ کیا کہ 100 سے زیادہ دہشتگرد مارے، حالانکہ شہید ہونے والے 32 افراد میں سے کوئی بھی دہشت گرد نہیں تھا۔
وزیر اطلاعات آزاد کشمیر محمد مظہر سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج نے بہت برداشت کا مظاہرہ کیا، مگر مودی کے جنگی جنون نے کشمیری عوام پر مسلسل حملے کیے، جس کے بعد پاک فضائیہ، آرمی اور نیوی کے جوانوں نے بھرپور جواب دے کر ثابت کیا کہ ہم امن پسند قوم ہیں، اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
محمد مظہر سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی شاہینوں نے بھارت کے رافیل سمیت دیگر طیارے مار گرائے، جس سے مودی ہوش و حواس کھو بیٹھا۔ پاکستان کی پوری قوم متحد ہو کر سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔ ہماری بہادر افواج نے کہا کہ ہم کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں، پہلے بھی جنگیں لڑیں، اب بھی لڑیں گے۔ 2019 اور اس سے پہلے بھی کشمیری شہداء کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹا گیا۔
وزیر اطلاعات آزاد کشمیر محمد مظہر سعید نے کہا ہے کہ فالس فلیگ یا اس جیسے واقعات کے بعد ہمیشہ کشمیر اور پھر پاکستان کے دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ یہ 2025 ہے، اب یہ ڈرامے نہیں چلیں گے۔ مودی ایک نفسیاتی مریض ہے۔ پاک فوج کی جانب سے دیے گئے جواب پر وہ بوکھلا گیا ہے۔
محمد مظہر سعید نے کہا ہے کہ میں عالمی میڈیا اور اداروں سے مخاطب ہوں کہ مودی معصوم لوگوں کا قاتل ہے، گجرات کا قصائی ہے، جو کسی مہذب معاشرے میں رہنے کے قابل نہیں۔ بنیان مرصوص آپریشن میں مودی کو جواب ملا تو وہ بدحواس ہو گیا۔ ہم مودی کو کہتے ہیں کہ اگر دوبارہ جرات کی تو اس سے بھی سخت جواب ملے گا۔ کشمیری عوام مودی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر کا دفاع پاکستان کی فوج کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، اور کشمیری عوام اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر، پاک فوج اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کشمیر کے لیے جنگ لڑی اور مودی کو منہ توڑ جواب دیا۔
وزیر اطلاعات آزاد کشمیر محمد مظہر سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والے نوجوانوں نے بھارتی چینلز پر چلنے والی جھوٹی خبروں کو بے نقاب کیا اور عوام کو حقیقت سے آگاہ کیا۔ پاک فوج کشمیر پر قابض نہیں بلکہ محافظ ہے، جبکہ بھارت کی فوج مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے۔کشمیری علاقوں پر حملوں کے باوجود بڑی تعداد میں سیاح کشمیر آئے۔ ہم نے شہید ہونے والے افراد کے جنازوں میں شرکت کی اور مالی امداد بھی دی۔ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے، جو رپورٹ جمع کروائے گی، جس کے بعد کابینہ ان کی امداد کا فیصلہ کرے گی۔